بی جے پی ’ بھارتیہ جھوٹا پارٹی ‘ مرکزی وزیر داخلہ کے دعوؤں پر ہریش راؤ کا شدید ردعمل
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے کہا کہ وہ اپنی جھوٹ اور غلط بیانی سے تلنگانہ عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی کو ’’ بھارتیہ جھوٹا پارٹی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ امیت شاہ نے کل حیدرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ سے متعلق جھوٹ اور گمراہ کن باتیں کہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ کی ہر بات میں جھوٹ تھا اور وہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ یہ گجرات نہیں ہے اور نہ بھولے بھالے عوام کا تلنگانہ بلکہ یہ جدوجہد کرنے والوں کی سرزمین ہے۔ تلنگانہ عوام نے جدوجہد کے ذریعہ علحدہ ریاست حاصل کی ہے اور یہاں بی جے پی کا جھوٹ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ اپنی جھوٹ کو گجرات میں چلالیں، جھوٹ کے ذریعہ آپ گجرات میں کامیاب ہوسکتے ہیں لیکن تلنگانہ میں جھوٹ اور غلط بیانی نہیں چلے گی۔ آپ کی گول مال باتیں اور گمراہ کن تقریر کیلئے تلنگانہ میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ امیت شاہ نے سیاسی مقصد براری کیلئے جو غلط بیانی کی ہے کہیں ایسا تو نہیں کہ وہ بھولنے کی بیماری کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین ان دنوں تلنگانہ میں جھوٹ اور گمراہ کن باتوں کو پھیلانے میں مصروف ہیں۔ جے پی نڈا جھوٹ کا اڈہ ثابت ہوئے جبکہ امیت شاہ جھوٹ کے بادشاہ کے طور پر عوام کے درمیان پیش ہوئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت سے متعلق امیت شاہ کی غلط بیانی سے عوام اچھی طرح واقف ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ امیت شاہ کے بیانات پر تلنگانہ کے عوام ہنس رہے ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ صرف بی جے پی ملک کی واحد پارٹی ہے جو جھوٹ کو سچ کی طرح پیش کرسکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی کا مطلب ’ بھارتیہ جھوٹا پارٹی ‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے تلنگانہ حکومت اور ٹی آر ایس کے بارے میں 6 گمراہ کن جھوٹ کہے ہیں ۔ مجلس کے خوف سے پارلیمنٹ میں دفعہ 370 کی مخالفت کا الزام مضحکہ خیز ہے۔ دراصل امیت شاہ بھولنے کی بیماری کا شکار ہوکر یادداشت سے محروم ہوچکے ہیں۔ ٹی ار ایس نے دفعہ 370 کی برخاستگی کی کھل کر تائید کی تھی اور پارلیمنٹ میں فیصلہ کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو اس بارے میں وضاحت کرنی چاہیئے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ مشن بھگیرتا کیلئے مرکز سے 2500 کروڑ کی منظوری کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔ مرکز نے اگر اس اسکیم کیلئے 2 روپئے بھی دیئے ہیں تو اس کا ثبوت پیش کیا جائے۔ ریاستی حکومت نے 35200 روپئے اس اسکیم پر خرچ کئے ہیں۔ ایوشمان بھارت اسکیم تلنگانہ میں عمل کی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر نے پارلیمنٹ میں جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایوشمان بھارت ہیلت اسکیم تلنگانہ میں عمل کی جارہی ہے لیکن امیت شاہ نے جھوٹ بیانی سے کام لیا۔ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے قیام کے بارے میں امیت شاہ کا بیان گمراہ کن ہے۔ حیدرآباد کے اطراف 4 سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس قائم کئے جارہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے ملک میں 157 میڈیکل کالجس کو منظوری دی لیکن تلنگانہ کیلئے ایک بھی کالج منظور نہیں کیا گیا۔ ہریش راؤ نے مرکزی اسکیمات کا نام تبدیل کرتے ہوئے تلنگانہ کی اسکیمات تیار کرنے اور قومی دیہی ضمانت روزگار اسکیم بجٹ کے ریاستی اغراض کیلئے استعمال کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ دراصل جھوٹ کے شنہشاہ ثابت ہوئے اور ان کے دورہ سے تلنگانہ عوام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ر