۔13 کروڑ کی ٹیکس چوری ، ریزارٹ کلب کا مالک گرفتار

,

   

جی ایس ٹی کے تحت گاہکو ں سے وصول کردہ رقم ہڑپ لینے کا شاخسانہ
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل جی ایس ٹی انٹلیجنس نے مشہور ریزارٹ کلب کے مالک کو جی ایس ٹی ٹیکس چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا۔ جی ایس ٹی ذرائع نے بتایا کہ شہر کے مضافاتی علاقہ میں واقع ایک مشہور ریزارٹ کلب کے منیجنگ ڈائرکٹر نے 13.81 کروڑ ٹیکس کی چوری کی اور اسے جی ایس ٹی محکمہ کو ادا کرنے سے قاصر رہا۔ ذرائع نے بتایا کہ ریزارٹ کلب کے انتظامیہ نے گاہکوں اور مہمانوں سے گڈس اینڈ سرویس ٹیکس وصول کئے اور اس رقم کو اپنے ذاتی استعمال کیلئے منتقل کیا اور حکومت کو وصول طلب ٹیکس ادا کرنے میں کوتاہی کرتا تھا۔ جی ایس ٹی قوانین کے مطابق ہر ایک تجارتی ادارہ جی ایس ٹی ٹیکس وصول کرنے کے بعد سرکاری خزانہ میں فی الفور جمع کرانا لازم ہے اور اس سلسلہ میں جی ایس ٹی ریٹرنس بھی ماہانہ فائیل کرنا ضروری ہے لیکن ریسارٹ کلب کے منیجنگ ڈائرکٹر نے دانستہ طور پر ٹیکس کی ادائیگی سے بچتا رہا اور اسے ادا کرنے سے انکار کردیا۔ ریزارٹ کے ایم ڈی کے رویہ کے نتیجہ میں جی ایس ٹی حکام نے کئی مرتبہ نوٹس جاری کی تھی لیکن وہ جواب دینے سے قاصر رہا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جی ایس ٹی ٹیکس وصول کرنا اور مسلسل تین ماہ تک پانچ کروڑ سے زائد ٹیکس کی ادائیگی میں ناکامی ایک بڑا جرم ہے اور اس میں ضمانت ناقابل قبول ہے۔ سرویس ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق ریزارٹ کے منیجنگ ڈائرکٹر نے تحقیقاتی عہدیداروں سے تعاون نہیں کیا جس کے نتیجہ میں جی ایس ٹی حکام نے اسے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی پر اسے گرفتار کرکے 18 جنوری تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ جی ایس ٹی عہدیداروں نے ریزارٹ کے 5 بینک کھاتوں کو منجمد کردیا۔