نئی دہلی: عام بجٹ 2022-23 میں انڈین ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے ایک اہم منصوبے کا اعلان کیا گیا ہے جس میں دو ہزار کلومیٹر ریلوے لائن کو مقامی تحفظ اور صلاحیت میں اضافہ کرنے والی ٹیکنالوجی آرمر سے لیس کرنے اور وندے بھارت کٹیگری کی نیو جنریشن 400 ٹرینیں لانے کی بات شامل ہے ۔ وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے لوک سبھا میں آج یہاں عام بجٹ 2022-23 میں معیشت کے سات انجنوں کی ‘گتی شکتی’ کے تحت ریلوے کی تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے نئے پروڈکٹس کو تیار کرنے کے ساتھ ہی چھوٹے کسانوں، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے کفایتی لاجسٹک خدمات شروع کرے گی، ڈاک اور ریل خدمات کے کوآرڈینیشن سے پارسل بھیجنے کے انتظام کو آسان اور تیز بنایا جائے گا۔ سیتا رمن نے کہا کہ مقامی کاروبار اور سپلائی چین کی مدد کے لیے ‘ون اسٹیشن ون پروڈکٹ’ کے تصور کو مقبول بنایا جائے گا۔