چیف منسٹر کا 4 ڈسمبر کو پدا پلی میں جلسہ عام، اتم کمار ریڈی اور دیگر ریاستی وزراء آبپاشی پراجکٹس کی پیشرفت کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔یکم؍ ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں تمام زیر التواء آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل کرتے ہوئے ہر ایکر زرعی اراضی کو سیراب کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں کوئی بھی زرعی اراضی پانی سے محروم نہیں رہے گی۔ اتم کمار ریڈی نے متحدہ کریم نگر ضلع کے آبپاشی پراجکٹس کی صورتحال پر عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے آبپاشی پراجکٹس کے علاوہ تلنگانہ میں دھان کی خریدی کے موقف کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی پیداوار میں تلنگانہ نے ملک میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ایک کروڑ 53 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول کے لئے حکومت کی جانب سے فی کنٹل 500 روپئے بونس ادا کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 4 ڈسمبر کو پدا پلی میں کسانوں کا بڑا جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں ایک لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے سرکاری محکمہ جات میں تقررات کے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے دس ماہ میں 50 ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ تقررات کے سلسلہ میں ہر سال جاب کیلنڈر جاری کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، حکومت کے مشیر وینو گوپال اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں، ضلع کلکٹرس، ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ اتم کمار ریڈی نے زیر تعمیر 9 پراجکٹس کے موقف کا جائزہ لیتے ہوئے مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ تلنگانہ نے دھان کی پیداوار میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی اور فی کنٹل 500 روپئے بونس کے وعدہ کی تکمیل کی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی 4 ڈسمبر کو دورہ کے موقع پر دھان کی خریدی مراکز کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ دھان کی خریدی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔4 ڈسمبر کو پدا پلی میں جلسہ عام کا مقصد حکومت کی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانا ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوام میں کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر حکومت کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو نے کہا کہ 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی اور باریک چاول پر 500 روپئے فی کنٹل بونس کی ادائیگی کا آغاز ہوچکا ہے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے کہا کہ متحدہ کریم نگر ضلع میں دھان کی خریدی کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ہیں۔ ریاستی وزراء نے 4 ڈسمبر کے یوا شکتی سبھا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رکن کونسل جیون ریڈی، گورنمنٹ وہپ اے لکشمن کمار، ارکان اسمبلی وجئے رمنا راؤ، مکھن سنگھ راج ٹھاکر، کے ست نارائنا، ضلع کلکٹر کریم نگر پی ستیہ وتی، کلکٹر سرسلہ سندیپ کمار، کلکٹر جگتیال بی ستیہ پرساد اور دوسروں نے شرکت کی۔1