100 کروڑ کی سرمایہ کاری سے حیدرآباد میں عنقریب 2 آئی ٹی پارکس

   

سافٹ ویر کمپنی DEW کے عہدیداروں کی وزیر آئی ٹی سریدھر بابو سے ملاقات،900 پروفیشنلس کو روزگار
حیدرآباد۔/28 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے حیدرآباد کے نواح میں دو نئے آئی ٹی پارکس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ سافٹ ویر کمپنی DEW نے 100 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ذریعہ آئی ٹی پارکس کے قیام سے اتفاق کیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے کہا کہ حیدرآباد تیزی سے ملک میں آئی ٹی مرکز میں تبدیل ہورہا ہے اور بین الاقوامی کمپنیاں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کو مزید وسعت دینے کیلئے حکومت نے ہائی ٹیک سٹی کے طرز پر دو نئے آئی ٹی پارکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی پارکس کیلئے اراضی الاٹمنٹ کے سلسلہ میں موزوں مقامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ آئی ٹی پارکس میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں اور حمل و نقل کا انتظام کیا جائے گا تاکہ وہ شہر کے کسی بھی علاقے سے باآسانی پہنچ سکیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ صنعتوں کو اراضی الاٹمنٹ کے سلسلہ میں حکومت خصوصی پالیسی کی تیاری پر مشاورت میں مصروف ہے۔ نئی پالیسی کے مطابق سرمایہ کاری کی رقم اور روزگار کے مواقع کی بنیاد پر اراضی الاٹ کی جائے گی۔ سافٹ ویر کمپنی DEW کی جانب سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ 100 کروڑ کی سرمایہ کاری دراصل عالمی سطح پر حیدرآباد کی بڑھتی ہوئی ساکھ کا ثبوت ہے۔ کمپنی کے ذریعہ آئندہ پانچ برسوں میں900 پروفیشنلس کو روزگار حاصل ہوگا۔ اجلاس میں چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری اجیت ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن وشنو وردھن ریڈی، سی ای او کارپوریشن مدھوسدن، سافٹ ویر کمپنی DEW کے صدر سریش اور پالاکرتی اسمبلی حلقہ کے انچارج جھانسی ریڈی موجود تھے۔ کمپنی کے عہدیداروں نے حیدرآباد میں آئی ٹی اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع پر حکومت سے اظہار تشکرکیا۔1