104 ایمبولنس خدمات کی برخواستگی، 198 ایمبولنس کا ہراج

   

ضلع واری سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔12۔جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے اضلاع میں چلائی جانے والی 104ایمبولنس خدمات کو برخواست کرتے ہوئے 198ایمبولنس کے ہراج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر صحت مسٹر ٹی ہریش راؤ نے گذشتہ دنوں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 108 ایمبولنس خدمات کو مزید بہتر بنانے اور ایمبولنس کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ وزیر صحت کے اعلان کے چند یوم میں 104 ایمبولنس خدمات کی برخواستگی کے اعلان کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں 108 خدمات کو وسعت دیتے ہوئے اسے مرکزی اہمیت دی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے 104 ایمبولنس خدمات کے تحت چلائی جانے والی 198 گاڑیوں کے ہراج کو منظوری دیتے ہوئے ضلع واری اساس پر کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی ہے اور ان کمیٹیوں کے کنوینر ضلع کلکٹرس کو بنایاگیا ہے جبکہ معاون کنوینر کی ذمہ داری ایڈیشنل کلکٹر کو دی گئی ہے۔اس کمیٹی میں جو ایمبولنس کا ہراج کرے گی اس میں ضلع ٹرانسپورٹ عہدیدار اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رکن ہوں گے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے جی او کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے۔ ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میںسال 2008 کے دوران متحدہ آندھرا پردیش میں انہوں نے 104ایمبولنس خدمات کا آغاز کیا تھا جسے بعد ازاں سال 2010میں ہیلت مینجمنٹ اینڈریسرچ انسٹیٹیوٹ کی نگرانی میں دے دیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کی جانب سے فی الحال ریاست تلنگانہ میں 108 ایمبولنس خدمات انجام دی جار ہی ہیں اور ان خدمات میں 500 سے زائد ایمبولنس موجود ہیں علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے ان کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قدیم ایمبولنس خدمات کی گاڑیوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے ذریعہ بھی محکمہ صحت کی جانب سے ایمبولنس خریدنے کا منصوبہ رکھتا ہے اور ان ایمبولنس کے ہراج کے بعد جو آمدنی حاصل ہوگی اس سے ریاست بھر میں زائد از 25ایمبولنس کی خریدی عمل میں لائی جائے گی علاوہ ازیں کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلیٹی کے تحت ریاست میں چلائے جانے والے کارپوریٹ اداروں کی مدد سے بھی ایمبولنس کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت کی خواہش پر مختلف کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے اس کام میں تعاون بھی کیا جا رہاہے ۔م