سینئر بی جے پی لیڈر ارون جیٹلی کا انتقال

,

   

صدر کووند، وزیراعظم مودی، صدر کانگریس سونیا گاندھی اور دیگر قائدین خراج

نئی دہلی ۔ 24 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر فینانس ارون جیٹلی کا بعمر 66 سال ہفتہ کو دوپہر 12 بجے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (ایمس) میں انتقال ہوگیا جہاں وہ 7 اگست سے شدید تشویشناک حالت میں مصنوعی آلات پر تھے۔ جیٹلی جنہیں بی جے پی میں ایک شاطر اور کہنہ مشق حکمت عملی ساز سمجھا جاتا تھا اور بحران کن صورتحال سے نمٹنے کا وہ غیر معمولی ہنر رکھتے تھے ۔ جیٹلی گزشتہ چند برسوں سے علیل تھے، ان کے سیاسی کیریئر کا آغاز 1975 ء میں اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد کئے جانے والے احتجاج سے ہوا تھا اور 1989 ء میں وی پی سنگھ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جیٹلی کی ایمرجنسی کے خلاف جدوجہد اور قانونی مہارت کو ملحوظ رکھتے ہوئے کو سالیسیٹر مقرر کیا تھا۔ جیٹلی بچپن سے آر ایس ایس سے وابستہ رہے، ان کے انتقال پر صدر جمہوریہ رامناتھ کووند ، نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی ، بی جے پی کے بزرگ لیڈرایل کے اڈوانی ،کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، مرکزی وزراء ، مختلف ریاستوں کے چیف منسٹروں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین نے ان کی خدمات کو پراثر خراج عقیدت ادا کیا ۔ جیٹلی کی آخری رسومات اتوار کو دہلی کے نگم بود گھاٹ پر ادا کی جائیں گی۔

دوست سے محروم ہوگیا، جیٹلی کے انتقال پر مودی کا پیغام
نئی دہلی ۔ 24 ۔ اگست ( سیاست ڈاٹ کام) ارون جیٹلی کے انتقال پر ہفتہ کو وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ ایک قابل قدر دوست سے محروم ہوگئے ہیں، وہ سماج کے تمام طبقات میں مقبول تھے۔ وہ ایسے پہلو تہی شخصیت کے حامل تھے جن کا نعم البدل بہت مشکل ہے اور وہ کئی دہائیوں سے بی جے پی کے قابل اعتماد رفیق رہے ہیں۔ حکام کے مطابق وزیراعظم نے جیٹلی کی بیوہ اور بیٹے سے اظہار تعزیت کیا ہے اور دونوں نے ان سے کہا کہ ارون جیٹلی کی موت کے باعث وہ ا پنا بیرونی دورہ مختصر نہ کریں۔

مودی اور شاہ کو کلین چٹ دلانے میں جیٹلی کا رول
نئی دہلی ۔ /24 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کہنہ مشق قانون داں اور سینئر سیاستداں کی حیثیت سے ارون جیٹلی نے 2002 ء کے گجرات فسادات میں اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی اور ریاستی وزیر داخلہ امیت شاہ کو سپریم کورٹ میں موثر پیروی کے ذریعہ منسوبہ الزامات سے بچانے اور کلین چٹ دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا ۔ علاوہ ازیں دیگر جماعتوں سے دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر انہوں نے بہار ، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں بی جے پی کو طاقتور بنایا تھا ۔ مودی ان پر بہت زیادہ بھروسہ کرتے تھے ۔ چنانچہ پانچ سال کے دوران جیٹلی دفاع ، فینانس ، جیسی اہم وزارتوں پر فائز رہے ۔ وزیر فینانس کی حیثیت سے جی ایس ٹی کی ترتیب اور اس کے نفاذ میں جیٹلی کا ناقابل فراموش رول رہا ۔ رافیل معاملت میں مودی پر رشوت ستانی کے الزامات کیخلاف عدالت میں پیروی بھی کی تھی۔