بیجنگ: عموماً بچے اپنے والدین کے بارے میں دیگر اقارب سے اپنی معصومانہ شکایات کرتے رہے ہیں ،مگرچین کے ایک 11 سالہ بچے کا اپنی ماں کیخلاف دادی سے شکایت کیلئے طویل سفر ایک حیران کن واقعہ ہے۔ 11 سالہ بچہ اپنی ماں کے خلاف شکایت لے کراپنی دادی کے گھر کی طرف سائیکل پر روانہ ہوا۔ اگرچہ اس کی دادی کا گھر زیادہ دور نہیں تھا مگر بچے کو اس کے گھر کا پتہ نہیں تھا۔ بچہ دادی کے گھر نہیں پہنچ سکا مگر پولیس نے اسے اس کے والدین سے ملا دیا۔ بچے نے پولیس کو بتایا کہ وہ لاعلمی کی وجہ سے طویل فاصلہ طے کرتا رہا، یہاں تک کہ دادی کے گھر تک پہنچنے میں اسے 22گھنٹے لگے اور اس دوران اس نے 130 کلو میٹر کا فاصلہ اپنی سائیکل پر طے کیا۔بچے کی گمشدگی پر پریشانی اچانک اس وقت خوشی میں بدل گئی جب بچہ ان کے سامنے صحیح سلامت پہنچ گیا۔پولیس کے مطابق لڑکا رات بھر سائیکل چلاتا رہا جبکہ اس نے گھر سے لائی روٹی کھائی اور پانی پیا۔بچے کی ماں کا خیال تھا کہ بچے کے ساتھ جو ہوا وہ محض غصے کی وجہ سے تھا۔اس واقعے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ میری دلچسپی اس بات میں ہے دادی نے آخر میں بچے کی ماں کو کیا سبق دیا۔