ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لیے اقدامات
حیدرآباد۔7۔ ڈسمبر ۔ (سیاست نیوز ) ریاستی ومرکزی حکومت کی 15 سال قدیم گاڑیوں کے متعلق پالیسی کو تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے روبہ عمل لانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ سال کے پہلے سہ ماہی کے دوران تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے زائد از 700 بسوں کو سڑکوں سے ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے جو کہ 15 سال پرانی ہوچکی ہیں۔مرکزی و ریاستی حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت 15سالہ پرانی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹانے کی جو پالیسی اختیار کی ہے اس پر ٹی ایس آرٹی سی کی جانب سے عمل کرتے ہوئے بسوں کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست کے تمام اضلاع میں اس پالیسی پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا اور اس پالیسی پر عمل آوری کے ساتھ ساتھ نئی بسوں کے حصول کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ٹی ایس آرٹی سی ذرائع کے مطابق ریاست میں 15 سالہ قدیم بسوں کو سڑکوں سے ہٹائے جانے کے فیصلہ سے بس مسافرین کو مختصر مدت کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے لیکن ان مشکلات سے نمٹنے کے لئے مرحلہ وار انداز میں ٹی ایس آرٹی سی نے نئی بسوں کے حصول کے اقدامات بھی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔عہدیداروں کے مطابق نئی بسوں کے حصول کا عمل جاریہ ماہ کے اواخر سے شروع کردیا جائے گا اور جتنی بسیں وصول ہوجائیں گی اتنی ہی تعدادمیں بسوںکو سڑکوں سے ہٹاتے ہوئے اسے اسکراپ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق کارپوریشن نے 670 نئی بسوں کے حصول کا منصوبہ تیار کیا ہے اور ان بسوں کے مرحلہ وار انداز میں وصول ہونے کے ساتھ ساتھ قدیم بسوں کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔حکومت کی جانب سے 15سالہ قدیم گاڑیوں کو اسکراپ کرنے کی پالیسی اختیار کئے جانے کی صورت میں ریاست کے مختلف محکمہ جات میں موجود گاڑیوں کو بھی تبدیل کرنے کے احکامات جاری کئے جاسکتے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ان احکامات کی اجرائی کے ساتھ ہی 15 سال سے پرانی وہ گاڑیاں سرکاری محکمہ جات سے بھی ہٹالی جائیں گی۔م