16ویں مالیاتی کمیشن کی تشکیل

   

نئی دہلی: حکومت نے نیتی آیوگ کے سابق وائس چیئرمین اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اروند پنگڑھیا کی صدارت میں 16 ویں مالیاتی کمیشن کو تشکیل دیاہے ۔اس سلسلے میں اتوار کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ حکومت نے صدر کی منظوری سے آئین کے آرٹیکل 280(1) کے تحت سولہویں مالیاتی کمیشن کی تشکیل کی ہے ۔ کمیشن یکم اپریل 2026 سے شروع ہونے والے پانچ سال کی مدت کا احاطہ کرتے ہوئے 31 اکتوبر 2025 تک اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔کمیشن کے ارکان کے حوالے سے علیحدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔مسٹرریتوک رنجنم پانڈے کو کمیشن کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں سولہویں مالیاتی کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس بھی دیے گئے ہیں۔کمیشن یونین اور ریاستوں کے درمیان ٹیکسوں کی خالص آمدنی کی تقسیم، ہندوستان کے کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے ریاستوں کے محصولات کی گرانٹ ان ایڈ اورریاستوں کو ان کے محصولات کی گرانٹ ان ایڈ کے ذریعے ادا کی جانے والی رقم، ریاست کے مالیاتی کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر ریاستوں میں پنچایتوں اور میونسپلٹیوں کے وسائل کو پورا کرنے کے لیے ریاست کے کنسولیڈ فنڈ میں اضافہ کرنے کے لیے ضروری اقدامات وغیرہ سے متعلق سفارشات پیش کرے گا۔