نام لیکر مخاطب ہونے پر کانگریس ارکان کا اعتراض
حیدرآباد۔/31 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج اس وقت کانگریس ارکان نے سخت اعتراض کیا جب کے ٹی آر کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا نام احترام کے بغیر لیا گیا۔ تصرف بل پر مباحث کے دوران کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ 2006-07 سے وہ ریونت ریڈی کو جانتے ہیں اور ان سے دوستی ہے۔ گذشتہ دس برسوں میں تعلقات خراب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کم عمر میں چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کیلئے میں ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ایک مرحلہ پر انہوں نے چیف منسٹر سے مخاطب ہوتے ہوئے بے تکلف دوست کی طرح صرف ریونت کہہ کر مخاطب کیا۔ جس پر وزراء اور کانگریس ارکان نے سخت اعتراض کیا۔ اسپیکر پرساد کمار نے کہا کہ قائد ایوان کو صرف نام لے کر مخاطب نہیں کیا جاسکتا۔ کانگریس ارکان کے احتجاج پر کے ٹی آر نے اپنے الفاظ واپس لے لئے اور کہاکہ وہ 18 سال سے ریونت ریڈی کو جانتے ہیں اور ہم دونوں آپس میں اچھے دوست ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کم عمری میں وہ چیف منسٹر کے عہدہ تک پہنچ گئے جس کے لئے میں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اپنے قدیم دوست کو غلطی سے صرف نام لے کر مخاطب کرچکے ہیں اور وہ اپنے الفاظ کی اصلاح کرتے ہیں۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر کو دورہ امریکہ کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ امید کرتے ہیں کہ دورہ امریکہ کامیاب رہے گا۔1