تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو نے شہریوں کو خبردار کیا دھوکہ دہی کی صورت میں 1930 پر رابطہ کا مشورہ
حیدرآباد ۔12 ستمبر (سیاست نیوز) سوشل میڈیا پر آج کل 1980 دہائی کی ریٹرو فوٹو ایڈیٹنگ (1980 Retro Photo Editing trend) کا رجحان تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ لوگ اپنی موجودہ تصاویر کو 1980 کے دہائی کے کلاسک انداز میں تبدیل کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کررہے ہیں۔ تاہم تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو (TGCSB) نے اس وائرل ٹرینڈ کے پس منظر میں چھپے ایک سنگین سائبر خطرہ کے بارے میں عوام کو خبردار کیا ہے۔ تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو کی ڈائرکٹر شیکھاگوئل نے انکشاف کیا ہیکہ سائبر مجرم اس رجحان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں کو بڑی مالیاتی اور ڈیجیٹل دھوکہ دہی کا نشانہ بنارہے ہیں۔ شیکھاگوئل نے بتایا کہ سائبر مجرم سوشل میڈیا پر دلفریب اشتہارات اور پیغامات پھیلارہے ہیں۔ جن میں لوگوں کو عام تصاویر کو مفت یا لامحدود ایڈیٹنگ سہولیات کے ذریعہ 1980 کے ریٹرو لک میں تبدیل کرنے کی پیشکش کی جاتی ہے۔ عوام کو ایسے لنکس اور پیغامات بھیجے جاتے ہیں جن پر کلک کرتے ہی غیرمحفوظ یا جعلی APK فائلس ان کے موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ جیسے ہی یہ مشکوک لنکس کھولے جاتے ہیں یا اپلیکیشن انسٹال ہوتی ہے، ہیکرس صارف کے اسمارٹ فون کا کنٹرول حاصل کرلیتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں موبائل میں محفوظ انتہائی حساس ڈیٹا مثلاً OTP ،SMS ، فون کانسیکٹس، بینکنگ تفصیلات اور ذاتی و مالیاتی معلومات چوری ہوجاتی ہے۔ شیکھاگوئل نے شہریوں کو مشورہ دیا ہیکہ وہ واٹس ایپ، ایس ایم ایس یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر موصول ہونے والے کسی بھی نامعلوم یا مشکوک فوٹو ریٹرینگ لنکس پر ہرگز کلک نہ کریں۔ اگر کوئی شہری اس قسم کی سائبردھوکہ دہی یا فراڈ کا شکار ہوجاتا ہے تو وہ فوری طور پر سائبر کرائم ہیلپ لائن، ٹول فری نمبر 1930 پر رابطہ کریں۔ نیشنل سائبر کرائم رپورٹنگ پورٹل cybercrime.gov.in پر شکایت درج کریں۔ تلنگانہ سائبر سیکوریٹی کے واٹس ایپ نمبر 8712672222 پر اطلاع دیں۔2