2 ٹرانسمیشن ٹاورز پر دھماکے،لاکھوں لوگ بجلی سے محروم

,

   

کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغرب میں بجلی کی 2 ٹرانسمیشن ٹاورز کو بم دھماکے سے اڑائے جانے کے بعد 11 صوبوں میں لاکھوں لوگوں کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو صوبہ پروان میں بجلی کے 2 ٹاور پر بم دھماکے ہوئے جس سے دارالحکومت اور قریبی صوبوں کی بجلی منقطع ہو گئی۔سرکاری الیکٹرک کمپنی ڈی اے بی ایس کے ترجمان حکمت اللہ میوندی نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ ’دشمنوں نے بجلی کے 2 ٹاورز کو بم دھماکوں سے اڑا دیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی کو بحال کرنے اور ٹرانسمیشن ٹاورز کی مرمت کرنے کے لیے کمپنی کی 5 ٹیموں کو تعینات کردیا گیا ہے، بجلی کے ٹاور پہاڑوں کی چوٹیوں پر لگے ہوئے ہیں اور ہماری ٹیمیں ان کو بحال کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹاورز کی مکمل بحالی میں 2 ہفتے لگیں گے مگر ہفتے کی رات تک بجلی کی جزوی بحالی کے لیے عارضی مرمت کردی جائے گی۔پولیس نے دعویٰ کیا کہ دھماکوں میں ملوث 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، بجلی کا یہ تعطل رمضان المبارک کے بعد عیدالفطر کی چھٹیوں کے آغاز سے قبل ہوا ہے۔
50 لاکھ کی آبادی والے شہر کابل میں متعدد رہائشی عمارتوں اور کاروباری مراکز میں عید کی تقریبات سے قبل ہفتہ کے روز بجلی کی فراہمی کے لیے پرائیویٹ جنریٹرز لگائے گئے۔