حیدرآباد 6 جنوری ( سیاست نیوز ) ایک ایسے دور میں جہاں انسان کی قدر و قیمت گھٹتی جا رہی ہے ۔ چند سو روپئے کیلئے انسان کی جان لی جا رہی ہے وہیں کتے کی قیمت 20 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ شہر میں جہاں گذشتہ دنوں ایک بزنس مین 12 کروڑ روپئے مالیتی کار خرید کر راتوں رات مشہور ہوا تھا وہیں اب شہر کے ایک بلڈر نے ایک کتے کی قیمت 20 کروڑ روپئے لگائی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب بنگلورو کا ایک شخص انتہائی مہینگے اور نادر نسل کے کتے پالنے کیلئے شہرت رکھتا ہے ۔ اس شخص کے پاس ایک قفقانی شیفرڈ کتا ہے جسے خریدنے کیلئے حیدرآباد کے ایک بلڈر نے 20 کروڑ روپئے ادا کرنے کی پیشکش کی تھی ۔ بنگلورو کے شہری ستیش ایس نے تاہم اس پیشکش کو مسترد کردیا ۔ ستیش خود کتوں کی پرورش بھی کرتا ہے اور وہ انڈین ڈاگ بریڈرس اسوسی ایشن کا صدر بھی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اس پسندیدہ کتے کو اپنے پاس ہی رکھنا چاہتا ہے ۔ کہا گیا ہے یہ کتا دیڑھ سال عمر کا ہے اور اس کا وزن 100 کیلو ہے ۔ یہ نادر نسل کا کہا جا رہا ہے ۔ ستیش کا کہنا ہے کہ یہ کتا در اصل ایک مادہ ببر کی طرح ہے ۔ یہ کتا اپنے مالک ستیش کے ساتھ ہی رہتا ہے اور اس نے ٹریونڈرم کنیل کلب مقابلہ میں جملہ 32 میڈلس بھی جیتے ہیں۔ اس نسل کے کتے عموما جارجیا ‘ آرمینیا ‘ آدر بائیجان ‘ اوسیٹیا ‘ ترکی ‘ روس اور داغستان میں پائے جاتے ہیں اور یہ ہندوستان میں انتہائی نایاب ہیں۔