اقوام متحدہ : اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ 2022 میں کم از کم 10 کروڑ افراد اپنے گھر بار چھوڑ کر ملک سے بھاگنے پر مجبور ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سال کے آخر میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے گھر بار چھوڑنے پر مجبور افراد کی یہ تعداد 2021 میں تقریباً 9 کروڑ تھی، رواں سال سامنے آنے والی تعدادایک ایسا ریکارڈ ہے جو کبھی قائم نہیں ہونا چاہیے تھا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ یوکرین، افغانستان، ایتھوپیا، برکینا فاسو، شام اور میانمار سمیت دنیا کے کئی خطوں میں تشدد یا طویل مدتی تنازعات لوگوں کو ہجرت پر مجبور کرنے والے اہم عوامل تھے۔ان اعداد و شمار میں وہ افراد شامل نہیں ہیں جو قدرتی آفات کی وجہ سے اپنے ہی ملک میں داخلی نقل مکانی پر مجبور ہوئے، 2022 کے موسم گرما میں غیر معمولی بد ترین بارشوں کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب کے باعث صرف پاکستان میں کم از کم 3 کروڑ لوگ بے گھر ہوئے، جو لوگ اس طرح کی قدرتی آفات کے نتیجے میں اپنے گھروں سے محروم ہوئے، انہیں ’’پناہ گزین‘‘ قرارنہیں دیاجاتا اور اس لیے اس طرح کی رپورٹوں میں ان کا ذکر نہیں کیا جاتا۔