2023 سے رکروٹمنٹ کیلنڈرکی اجرائی : ہریش راؤ

   

حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ وہ سال 2023 سے حکومت کے شعبہ میں ایک رکروٹمنٹ کیلنڈر جاری کریں گے۔ کل سدی پیٹ کے قریب پنالہ میں پولیس کنونشن سنٹر پر پولیس میں ملازمت کے حصول کے خواہاں نوجوانوں سے مخاطب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ رکروٹمنٹ کیلنڈر سے ملازمت کے خواہاں افراد کو جائیدادوں سے متعلق معلومات اور ملازمتوں کے اعلامیہ کے بارے میں معلوم ہوگا اور اس طرح ان کی مدد ہوگی جس سے تیاری کا منصوبہ بناسکتے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے کہ وہ محکمہ پولیس میں مختلف جائیدادوں کیلئے 17 ہزار سے زائد تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ مفت کوچنگ کلاسیس میں شرکت کرنے والے ہر شخص پر تقریباً 14 ہزار روپئے خرچ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پوری کوچنگ کے مصارف 1.50 کروڑ روپئے ہوں گے۔ مفت کوچنگ فراہم کرنے کے علاوہ مسٹر راؤ نے کہا کہ وہ ملازمت کے خواہاں امیدواروں کو مفت کھانا بھی فراہم کریں گے۔ ماضی میں مفت کوچنگ کلاسیس سے استفادہ کرتے ہوئے پولیس رکروٹمنٹ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والی کئی خواتین کو ان کے تجربات سے واقف کروانے کیلئے مدعو کرتے ہوئے کمشنر پولیس این سویتھا نے ملازمت کے خواہشمندوں پر زور دیا کہ وہ خود کو سوشیل نیٹ ورکنگ سائیٹس سے دور رکھیں۔ کمشنر نے کہا کہ وہ کوالیفائیڈ فزیکل ایجوکیشن انسٹرکٹرس کی رہنمائی میں تحریری امتحان اور فزیکل ٹسٹس کیلئے معیاری کوچنگ فراہم کریں گے۔