2024 کے پارلیمانی انتخابات غیر قانونی قرار پا گئے ‘ راہول گاندھی کا دعوی

,

   

بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کا انتخاب بھی غیر قانونی ۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بہرصورت مستعفی ہونا پڑیگا ۔ عوامی مواخذہ پروگرام سے خطاب

نئی دہلی 31 اکٹوبر ( ایجنسیز ) قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے دعوی کیا کہ 2024 کے پارلیمانی انتخابات غیر قانونی تھے کیونکہ فہرست رائے دہندگان سے 13.3 کروڑ ووٹرس کے نام حذف کردئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ حذف کردئے جانے کے نتیجہ میں 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی قانونی حیثیت ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ اپوزیشن اور برسر اقتدار اتحاد کے مابین ووٹوں میں صرف تین فیصد کا فرق تھا اور جو ووٹ حذف کئے گئے ہیں وہ اس فرق سے زیادہ ہے ۔ راہول گاندھی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر بھی الزام عائدکیا کہ وہ یکم نومبر کو دہلی میں ہونے والی رام لیلا میدان کی ریلی کیلئے عوام کو دہلی پہونچنے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیانیش کمار غیر قانونی طور پر ووٹروں کے نام حذف کرکے جمہوریت کو تباہ کر رہے گیانیش کمار کو عہدہ چھوڑنا ہی ہوگا۔ راہول گاندھی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر جمہوریت کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرکے کہا کہ انہیں اب ہر حال میں اپنے عہدے سے ہٹنا ہی ہوگا۔ راہول گاندھی نے گیانیش کمار کے خلاف عوامی مواخذہ سے خطاب میں کہا کہ مسٹر کمار اب اپنے عہدہ پر برقرار نہیں رہ سکیں گے ، کیونکہ اپوزیشن کے پاس ان کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں سے 13.3 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں، جو جملہ ووٹروں کا تقریباً 15 فیصد ہے ۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ان ووٹروں نے اپنا ووٹ استعمال کیا تھا، جبکہ اپوزیشن اور بی جے پی کے درمیان ووٹوں کا فرق محض تین فیصد تھا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن اب یہ کہہ رہا ہے کہ جن ووٹروں کے نام حذف کئے گئے ہیں، انہیں ووٹ نہیں دینا چاہیے تھا تو اس کا مطلب ہے کہ کمیشن خود 2024 کے لوک سبھا انتخابات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھا رہا ہے ۔ اس طرح 2024 کے عام انتخابات غیر قانونی قرار پاتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس بنیاد پر لوک سبھا پہنچنے والے بی جے پی کے ارکان بھی غیر قانونی طریقے سے ایوان میں پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری ہوئی ہے اور گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں بھی ایسا ہی ہوا تھا۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ عام لوگوں کی آواز دبائی جا رہی ہے اور ای ڈی اور سی بی آئی جیسے اداروں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جیسے ادارے کو غیر جانبداری سے کام کرنا چاہیے تھا، لیکن اسی کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور ایک سازش کے تحت اسی کے ذریعے ووٹ چوری کروائی جا رہی ہے ۔