22 ڈسمبر تک تلنگانہ ریاست گیر سطح پر شدید سردی کی لہر

   

دس سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، محکمہ موسمیات کا انتباہ

حیدرآباد۔18ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں سردی کی لہر نے گذشتہ 10برسو ںکا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ہفتہ کی علی الصبح پٹن چیرو کے علاقہ میں درجہ حرارت 8.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع کے لئے زرد الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے اور سردی کی لہر سے محفوظ رہنے کے اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں سال 2015 میں 13ڈسمبر کو شدید سردی ریکارڈ کی گئی تھی اور 9.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیاتھا اور اب18ڈسمبر کی صبح 8.4درجہ حرارت شہر کے نواحی علاقہ پٹن چیرو میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق 18 تا22 ڈسمبر کے دوران ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں شدید سردی کی لہر ریکارڈ کی جائے گی ۔شہر حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 12.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جار ہاہے جو کہ معمول سے 2 ڈگری کم ہے جس کے سبب کئی علاقوں میں سردی میں اضافہ دیکھا جانے لگا ہے۔ ہفتہ کی صبح ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں بھاری گراوٹ دیکھی گئی ہے اور سنگاریڈی میں درجہ حرارت 6.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد‘ راجنا سرسلہ ‘جگتیال ‘ محبوب آباد کے علاوہ دیگر میں آئندہ دو یوم کے لئے عنبر الرٹ جاری کیا گیا ہے اورکہا جا رہاہے کہ بعض علاقوں میں شدید سردی کی لہر کے ساتھ بوندا باندی کے بھی امکانات ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں آئندہ تین یوم کے دوران درجہ حرارت میں3 ڈگری کی گراوٹ ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ م