حیدرآباد ۔14 فبروری (سیاست نیوز) گرین موبیلٹی کو بڑھاوا دینے اور تلنگانہ کو الیکٹرک بسوں کے چلن میں ایک اولین ریاست بنانے کی کوشش میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی جی ایس آر ٹی سی) کی جانب سے پرانی ڈیزل بسوں کو الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ اس پہل کے سلسلہ میں کارپوریشن نے اس کی موجودہ ڈیزل بسوں کو الیکٹرک بسوں میں تبدیل کرنے کیلئے ایڈوانسڈ ریٹروفٹنگ ٹکنالوجی کو اختیار کرنے پر توجہ دی ہے۔ کارپوریشن نے ریٹرو فٹنگ ٹکنالوجی پراجکٹ کیلئے ٹنڈرس طلب کرتے ہوئے گزشتہ سال ستمبر تک انہیں قطعیت دی ہے۔ چنانچہ 200 بسوں کی ریٹرو فٹنگ کی ذمہ داری سائی گرین موبیلٹی پرائیویٹ لمیٹیڈ کو دی گئی جبکہ 40 بسوں کو کلیانی پاورٹرین لمیٹیڈ کی جانب سے الیکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جائے گا۔ ڈیزل سے الیکٹرک میں تبدیلی کے قابل عمل ہونے کا مظاہرہ پہلے 2023ء میں کیا گیا تھا جب مشیرآباد بس ڈپو کی ایک ڈیزل بس کو ایک خانگی فرم کے ساتھ اشتراک میں کامیابی کے ساتھ ریٹروفٹ کیا گیا۔ الیکٹرک بس میں تبدیل کی گئی یہ بس اب اپل ڈپو کے علاقہ میں چل رہی ہے۔ یہ اقدام حیدرآباد میں آلودگی سے پاک پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنے کے ریاستی حکومت کے ویژن کی مطابقت میں ہے۔ واضح رہیکہ ٹی جی ایس آر ٹی سی نے 2027ء تک آوٹر رنگ روڈ حدود میں 2,800 الیکٹرک بسوں کو شروع کرنے کا ایک نشانہ مقرر کیا ہے۔ فی الوقت شہر کے چھ ڈپوز میں 325 الیکٹرک بسوں کو چلایا جارہا ہے اور اس سال اس میں مزید 175 بسوں کا اضافہ متوقع ہے۔ A