25 لاکھ سرکاری نوکریاں ‘ بیروزگار گریجویٹس کو ماہانہ 5 ہزار بھتہ

,

   

مفت اسکولی تعلیم ‘ بند خانگی اسکولس دوبارہ کھولے جائیں گے ۔ نگہداشت صحت کی بہتر سہولیات ہونگی
خواتین کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات ۔ کنٹراکٹ ٹیچرس کو باقاعدہ بنایا جائیگا ۔ سماجوادی پارٹی کا انتخابی منشور

لکھنو 26 نومبر ( ایجنسیز) سماجوادی پارٹی کے صدر اکھیلیش یادو نے آج اپنی پارٹی کا انتخابی منشور جاری کردیا۔ منشور میں انہوں نے اعلان کیا کہ پارٹی کو اقتدار ملتا ہے تو ریاست میں 25 لاکھ سرکاری نوکریوں پر بھرتی کی جائے گی ۔ بیروزگار گریجویٹس کو ماہانہ پانچ ہزار روپئے بیروزگاری بھتہ دیا جائے گا ۔ اکھیلیش یادو نے کہا کہ ’’ اچھے دن آئے نہیں۔ برے دن جانے والے ہیں ‘‘ ۔ لکھنو میں اکھیلیش یادو نے اپنی پارٹی کا منشور جاری کرتے ہوئے سماج کے تمام طبقات کیلئے منشور میں وعدے شامل رہنے کا دعوی کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جین ۔ زی اور جین الفا کی توقعات کو پورا کرنا ان کی پارٹی کا عہد رہے گا ۔ سماجوادی پارٹی کے منشور کو ’ جن ۔ من کا منشور ‘ اور ’ پی ڈی اے کا پران ۔ پتر ‘ نام دیا ہے ۔ منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ 50 کروڑ روپئے تک کے سرکاری کنٹراکٹس میں پی ڈی اے سے تعلق رکھنے والے طبقات کو 50 فیصد حصہ داری دی جائے گی ۔ تعلیم کے محاذ پر انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ مفت اسکول کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ جو خانگی اسکولس بند ہوگئے ہیں انہیں دوبارہ کھول دیا جائے گا ۔ شکھشا متروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا اور جو کنٹراکٹ ٹیچرس ہیں ان کو مستقل ملازمت فراہم کی جائے گی ۔ منشور میں وعدہ کیا گیا کہ ریاست میں نئے گاوں بنائے جائیں گے جہاں وائی فائی کی سہولت ہوگی ‘ اسٹریٹ لائیٹس ہونگی ‘ برقی کی سپلائی ہوگی اور بہتر راستے دستیاب رہیں گے ۔ اکھیلیش یادو نے اپنی سابقہ حکومت کے ریکارڈ کو بھی پیش کیا اور کہا کہ روزگار کے مواقع اور ٹکنالوجی کے فروغ میں پہلے بھی کام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا اے آئی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمس کی بات کرتی ہے ۔ 2012 سے 2017 تک سماجوادی پارٹی حکومت میں لکھنو میں ایچ سی ایل قائم کیا گیا ۔ لکھنو میں ایک آئی ٹی ۔ سٹی قائم کی گئی تاکہ رو زگار دستیاب ہوسکیں۔ منشور میں مزید وعدہ کیا گیا کہ مفت نگہداشت صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی ۔ ایمبولنس سرویس شروع کی جائے گی ۔ پولیسنگ کیلئے مصنوعی ذہانت پر مشتمل ٹکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا ۔ خواتین کی حفاظت کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرتے ہوئے جلد انصاف رسانی کو یقینی بنایا جائے گا اور سابقہ پنشن اسکیم کو بحال کیا جائے گا ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست میں خواتین کو سالانہ 40 ہزار روپئے دئے جائیں گے ۔ ایک ریاستی سرکاری اعزاز ’ یش بھارتی ایوارڈ ‘ کو بحال کیا جائیگا جسے ختم کردیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ پارٹی نے ہر ضلع کیلئے علیحدہ منشور جاری کرنے کا بھی اعلان کیا ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ ہر ضلع کیلئے علیحدہ منشور کا آئندہ وقتوں میں اعلانکیا جائے گا اور اس میں ضلع کے مسائل کیلئے پارٹی کا روڈ میاپ پیش کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔