نئی دہلی، 16 ستمبر (یو این آئی) حکومت نے نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کے لازمی دائرے کی خاطر تنخواہ کی حد 15 ہزار روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی ہے ۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کے میٹنگ میں اس سے متعلق تجویز کو منظوری دی گئی۔ یہ نظام 17 ستمبر 2026ء کو وشوکرما جینتی کے دن سے نافذ العمل ہوگا۔میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے صحافیوں کو بتایا کہ اس فیصلے سے 51 لاکھ سے زائد ایسے ملازمین ای پی ایف کے لازمی دائرے میں آ جائیں گے جن کی تنخواہ 15 ہزار روپے سے 25 ہزار روپے کے درمیان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صنعتی شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی سماجی سلامتی کا دائرہ وسیع ہوگا۔ای پی ایف کے لیے 15 ہزار روپے کی حد ستمبر 2014ء میں مقرر کی گئی تھی۔ اشونی ویشنو نے کہا کہ اس وقت سے اب تک اوسط تنخواہ تقریباً ڈھائی گنا بڑھ کر 23 ہزار روپے ماہانہ ہو گئی ہے ۔
متعدد ریاستوں میں غیر ہنر مند مزدوروں کی تنخواہ بھی 15 ہزار روپے سے زیادہ ہے ۔ ایسے میں پرانی حد کو برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔