حیدرآباد 6 جولائی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے آج ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایس بھیم ریڈی کو غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں گرفتار کرلیا۔ 3 دن قبل اے سی بی کی ٹیم نے ڈی ایس پی کے مکان پر اچانک دھاوا کیا تھا جس پر یہ معلوم ہوا تھا کہ اِس خاطی عہدیدار نے 300 کروڑ سے زائد کی جائیدادیں غیر محسوب طریقہ سے اکٹھا کی تھیں۔ دھاوے کے دوران بھیم ریڈی کی طبیعت بگڑنے اور بعدازاں دواخانہ میں شریک ہونے کے باعث اُسے نوٹس دی گئی تھی، لیکن اے سی بی کے اِس اقدام نے پولیس اور سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی تھی۔ دھاوے کے دوران پولیس کو تلنگانہ کے علاوہ کرناٹک کے مختلف اضلاع بشمول بنگلورو میں قیمتی جائیدادوں کا پتہ چلا تھا جو ڈی ایس پی نے اپنے ہوم گارڈ، ڈرائیور، قریبی رشتہ دار اور دیگر افراد کے نام پر بے نامی رکھا تھا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اینٹی کرپشن بیورو ماجد علی خان اور انسپکٹر غوث آزاد کی ٹیم نے ڈی ایس پی بھیم ریڈی کو آج شام اُس وقت گرفتار کرلیا جب اُسے خانگی دواخانہ سے ڈسچارج کیا گیا تھا۔ اے سی بی ذرائع نے بتایا کہ خاطی عہدیدار کے بینک لاکرس وغیرہ کا عنقریب جائزہ لیا جائے گا۔ب؍V