32ویں عالمی قرآنی و روحانی مہم کا 15رمضان المبارک سے ملک بھر میں آغاز

   

مصر کے قرائے کرام شیخ یحییٰ، شیخ مصطفیٰ کی شرکت۔ مولانا پیر نقشبندی کا اعلان
حیدرآباد۔/12 پریل، ( پریس نوٹ ) عالمی قرآنی روحانی مہم کے بانی و محرک مولانا پیر سید شبیر نقشبندی افتخاری نے آج اعلان کیا کہ حکومت مصر نے ان کی دعوت پر عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ اظہر شریف قاہرہ مصر کے دو ممتاز و جید قرائے کرام الشیخ یحییٰ محمد عبد الرحمٰن اور الشیخ محمد مصطفیٰ السعید عابدیلی کو نزول قرآن پاک کے مقدس ماہ میں گزشتہ 32سال سے ہندوستان میں منعقد ہو نے والی عالمی قرآنی و روحانی مہم میں شر کت کیلئے منتخب کیا ہے۔ مولانا پیر نقشبندی نے بتا یا کہ یہ قرائے کرام 15رمضان المبارک مطابق 17 اپریل کی صبح 7 بجے قاہرہ سے حیدرآباد پہنچیں گے جبکہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے مولانا پیر نقشبندی کی نمائندگی پر قرائے کرام کو حکومت کا سرکاری مہمان بنایا ہے۔ چنانچہ پروٹوکول آفیسرس اور قرآنی مہم کے چیف کو آرڈینیٹر ڈاکٹر سید مرتضیٰ نقشبندی افتخاری اور دیگر ان مہمان قرائے کرام کا خیر مقدم کریں گے۔ قرائے کرام اپنے قیام ہند کے دوران 19 اپریل کو صبح بذریعہ طیارہ دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ توقع ہے کہ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند اور قومی سلامتی کے سربراہ جناب اجیت دوول کے علاوہ جمہوریہ مصر کے سفیر ہز ایکسلینسی وایل حامد اور سعودی عرب کے سفیر ہز ایکسلینسی ماجدالحسیبی سے خیرسگالی ملاقاتیں کریں گے اور شام 6 بجے انڈیا اسلامک کلچرل سنٹر کے آڈیٹوریم میں جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کریں گے جبکہ جناب سراج قریشی صدر نشین اسلامک کلچرل سنٹر خیر مقدم کریں گے۔ مہمان قراء ڈاکٹر سید فاروق کی جانب سے قرآنی اجتماع عام میں شرکت کریں گے اور 20 اپریل کو حیدرآباد واپسی ہو گی۔ مولانا پیر نقشبندی کے بموجب مہمان قرائے کرام کولکاتہ، پٹنہ کے علاوہ رائچور گلبرگہ اور بیدر میں منعقد ہو نے والے قرآنی جلسہ سماعت القرآن میں شرکت کریں گے اور حیدرآباد میں مختلف قرآنی اجتماعات میں مخصوص لحن میں آیات قرآنی کی تلاوت کی سعادت حاصل کریں گے اور جمعۃ الوداع کے موقع پر تاریخی مکہ مسجد میں 11بجے سے 12:30 بجے تک آیات قرآنی کی تلاوت کریں گے جبکہ خادم القرآن مولانا پیر نقشبندی کا 32واں سالانہ خصوصی خطاب ہو گا۔ بانی و محرک قرآنی مہم نے بارگا ہ خدا وندی میں شکر ادا کیا کہ انہیں اس مقدس ماہ رمضان میں اللہ کے بندوں کو اللہ کا کلام سنا کر اللہ کی طرف رجوع کر نے کی یہ سعادت گزشتہ 32سال سے نصیب ہوئی ہے۔ مولانا پیر نقشبندی نے کہا کہ اس قرآنی مہم میںفرزندان توحید سے ان کی اولادوں کو قاری قرآن و حافظ قرآن بنانے کا اجتماعی عہد لیا جا تا ہے جس کے نتیجہ میں آج ملک کے مختلف علاقوں میں سینکڑوں گھروں میں حافظ قرآن و قاریان قرآن میں اضافہ ہورہا ہے۔ مولانا پیر نقشبندی نے اپنے اس صحافتی بیان کے آخر میں کہا کہ اس سال یہ قرآنی مہم ملک کے موجودہ حالات میں نفرت کے خاتمے اور پیار و محبت امن و اتحاد کے استحکام کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔