4 ہزار سرکاری ٹیچرس کو ایڈجسٹ کرنے کے اقدامات

   

حیدرآباد۔ 11 جون (سیاست نیوز) محکمہ اسکول ایجوکیشن کا اندازہ ہے کہ ریاست بھر میں طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے صرف 3 ہزار تا 4 ہزار اساتذہ کو ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔ گزشتہ تعلیمی سال میں طلبہ کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اضلاع اور منڈلوں میں کتنے اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد زیادہ ہے؟ اور کتنے اسکولس میں اساتذہ کی ضرورت ہے، اس کے اعداد و شمار تیار کرلئے گئے ہیں۔ اس کے مطابق اضافی ٹیچرس کو تعلیمی سال 2025-26ء میں کہاں منتقل کیا جانا چاہئے، 13 جون تک فیصلہ کرنے کی حکومت نے ہدایت دی تھی، مگر اس مدت میں توسیع دیتے ہوئے 15 جولائی تک ٹیچرس کے ایڈجسٹمنٹ کے عمل کو مکمل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ گزشتہ تعلیمی سال ستمبر ۔ اکٹوبر تک ٹیچرس کو ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، لیکن جاریہ سال 15 جولائی تک اس عمل کو پورا کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ گزشتہ تعلیمی سال کے آخری کام کے دن 23 اپریل تک طلبہ کی تعداد کے لحاظ سے اساتذہ کی تعداد کے اعداد و شمار کو منڈل ایجوکیشن آفیسرس ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس نے تیار کرلیا ہے ۔ اضلاع کریم نگر، ورنگل، ہنمکنڈہ، نظام آباد کے علاوہ دیگر اضلاع میں بڑی تعداد میں طلبہ سے زیادہ ٹیچرس ہیں جس کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے جن اسکولس میں طلبہ زیادہ ہیں، وہاں اضافی ٹیچرس کو ایڈجسٹ کیا جائے گا ۔
مابقی ٹیچرس وہیں اسکولس میں خدمات جاری رکھیں گے۔