حیدرآباد۔/22 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں 40 لاکھ نئے راشن کارڈ جاری کئے جائیں گے اور کوئی بھی مستحق خاندان راشن کارڈ سے محروم نہیں رہے گا۔ کریم نگر کے دورہ کے موقع پر اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے دس برسوں تک راشن کارڈز کی اجرائی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ اتم کمار ریڈی نے نارائن پور میں گرام سبھا میں شرکت کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔26 جنوری سے چار اسکیمات پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں رعیتو بھروسہ، اندراماں آتمیا بھروسہ، اندراماں ہاؤزنگ اور راشن کارڈ شامل ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر گمراہ کن پروپگنڈہ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام کو سرکاری اسکیمات کے فوائد سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ گرام سبھا میں اگر کسی مستحق خاندان کا نام شامل نہیں ہوا تو دوبارہ نام شامل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ 24 جنوری تک گرام سبھاؤں میں استفادہ کنندگان کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔عوام کی جانب سے طویل عرصہ سے نئے راشن کارڈز کی اجرائی کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔1