4722 نرسیس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ

   

تلنگانہ میڈیکل ہیلت سروسیس رکروٹمنٹ بورڈ کا عنقریب اعلامیہ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ حکومت نے 4722 نرسیس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ میڈیکل ہیلت سروسیس رکروٹمنٹ بورڈ ( ایم ایچ ایس آر بی ) اندرون ایک ہفتہ میں نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی تیاری کررہی ہے ۔ ان تمام جائیدادوں کو تحریری امتحانات کے ذریعہ بھرتی کی جائیں گی ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والی نرسیس کو تقررات میں ویٹیج مارکس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ امتحانات کے انعقاد کی ذمہ داری جے این ٹی یو کو دینے کے قوی امکانات ہیں ۔ 4722 جائیدادوں میں زیادہ تر 3823 جائیدادیں ڈی ایم ای کے حدود میں ہیں ۔ تلنگانہ ویدیا ودھنا پریشد کے حدود میں 757 مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل میں 81 ایوش ڈپارٹمنٹ میں 61 جائیدادیں شامل ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دو ماہ میں تقررات کا عمل مکمل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ 5 سال بعد محکمہ صحت میں ریگولر بنیاد پر تقررات کئے جارہے ہیں ۔ آخری مرتبہ 2017 میں تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا ۔ اس وقت نرسیس جائیدادوں کے نوٹیفیکیشن میں نقائص کی وجہ سے مسئلہ عدالت سے رجوع ہوگیا تھا ۔ ویٹیج مارکس پر بڑے پیمانے پر شکایتیں وصول ہوئی تھی ۔ ان تمام کی یکسوئی کے بعد 2021 میں قطعی فہرست جاری کرتے ہوئے نرسوں کو پوسٹنگ دی گئی تھی ۔ ایسی صورتحال دوبارہ پیش نہ آئے اس لیے حکومت نے میڈیکل بورڈ کے ذریعہ نرسیس کی جائیدادوں پر تقررات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نرسنگ کونسل کے اعداد و شمار کے مطابق 2014 سے ابھی تک 60 ہزار امیدواروں نے اپنا رجسٹریشن کرایا ہے ۔۔ ن