5لاکھ فرضی ای میل آئی ڈی بنا کر پاکستان اور دیگر کو فروخت کرنے کا ملزم گرفتار

   

کانپور، 30 اکتوبر (یو این آئی) اتر پردیش انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے کانپور کے گھاٹم پور علاقے سے پانچ لاکھ فرضی ای میل آئی ڈی تیار کر کے بین الاقوامی سطح پر فروخت کے الزام میں ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کے مطابق، ملزم انکت شنکھوار (24سالہ) 2021سے اس نیٹ ورک کو چلا رہا تھا اور اس کے رابطے پاکستان، بنگلہ دیش، ترکیہ، مصر اور امریکہ تک تھے ۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ انکت پراکسی سرور اور مختلف وائی فائی نیٹ ورکس کا استعمال کر کے فرضی ای میل اکاؤنٹس تیار کرتا تھا، تاکہ اس کی شناخت اور سرگرمیوں کا پتہ لگانا مشکل ہو۔ وہ ان اکاؤنٹس کے ساتھ پاس ورڈ، ریکوری ای میل اور ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن کے بیک اپ کوڈ بھی فراہم کرتا تھا۔ ایجنسیوں کے مطابق بنگلہ دیشی شہری الامین اسلام نے ای میل اکاؤنٹس کے کئی بیچ خریدنے کیلئے ملزم کو چھ ہزار امریکی ڈالر ادا کیے تھے ۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کے مطابق، 12 اکتوبر کو دہلی، نوئیڈا اور گروگرام کے اسکولوں، ایک بالی ووڈ اداکار کی رہائش گاہ اور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے مجوزہ دہلی این سی آر کنسرٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھیجنے میں مبینہ طور پر انکت کی جانب سے فراہم کردہ ایک ای میل اکاؤنٹ کا استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، ملزم کے لیپ ٹاپ سے برآمد ہونے والے ایک اور ای میل اکاؤنٹ کا استعمال 23 اکتوبر کو ممبئی کے میئر کے دفتر کو بم کی دھمکی بھیجنے کیلئے کیے جانے کا الزام ہے ۔ تکنیکی تفتیش میں دھمکی سے جڑے ای میل اکاؤنٹس کے پہلے لاگ ان کی لوکیشن کانپور پائی گئی، جس کے بعد تحقیقاتی ایجنسیاں انکت تک پہنچیں۔ اس کے لیپ ٹاپ سے ملنے والے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر ای میل اکاؤنٹس کی خرید و فروخت اور ان کے استعمال کی تفتیش کی جا رہی ہے ۔اس معاملے میں لکھنؤ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
یوپی اے ٹی ایس ملزم کا پولیس ریمانڈ لینے کی تیاری کر رہی ہے ۔ تحقیقاتی ایجنسیاں اس کے کرپٹو کرنسی لین دین، غیر ملکی رابطوں اور باقی ای میل اکاؤنٹس کے ممکنہ استعمال کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں۔ ایجنسیوں کو خدشہ ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے بڑی تعداد میں فرضی ڈیجیٹل شناخت فراہم کی گئی ہے ۔ تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ ہی اس بین الاقوامی نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد اور ممکنہ سائبر جرائم کا انکشاف ہونے کا امکان ہے ۔