5ماہ بعد 4خلابازوں کی زمین پر واپسی

   

نیویارک : سپیس ایکس راکٹ کی ایک تیز رفتار فلائٹ کے ذریعے خلائی سٹیشن سے چار خلاباز واپس زمین پر پہنچ گئے ہیں۔امریکہ کے نیشنل پبلک ریڈیو کے مطابق خلابازوں کو لے کر کیپسول نے فلوریڈا کے ساحل کے قریب خیلج میکسیکو میں لینڈنگ کی۔روس، امریکہ اور جاپان کے خلا بازوں پر مشتمل اس گروپ نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں پانچ ماہ گزارے۔ یہ خلاباز گزشتہ برس اکتوبر میں گئے تھے۔خلا میں چکراتے کوڑے کے علاوہ ان خلابازوں کو مدار کے باہری حصے پر گھومنے والے روسی کیپسول سے بھی نبرد آزما ہونا تھا جو لیک کر رہا ہے۔ان خلا بازوں نے سٹیشن میں پہلے موجود دیگر ارکان کے لیے کئی ضروری اشیا بھی پہنچائی تھیں۔خلا بازوں کی اس ٹیم کی سربراہی امریکی خاتون نکول مان نے کی۔ چاروں خلا باز ہفتہ کی صبح بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے نکلے اور 19 گھنٹے سے کچھ کم وقت میں اپنے ڈریگن کیپسول کے ذریعہ سمندر میں اترے جہاں سے اْن کو زمین پر موجود ٹیموں نے اٹھایا۔قبل ازیں خلائی سٹیشن سے زمین پر اترنے والے راستے میں طوفانی ہواؤں کے باعث ان خلا بازوں کو چند دن انتظار کرنا پڑا تھا۔ ان خلا بازوں کے متبادل ٹیم ارکان ہفتہ قبل ہی سٹیشن میں پہنچ چکے تھے۔