گرام سبھاؤں کا انعقاد، 6 جنوری آخری تاریخ، مستحقین کا انتخاب عہدیدار کریں گے، منشیات کی لعنت کے خلاف سخت کارروائی
ضلع کلکٹرس کی کانفرنس میں اہم فیصلے
حیدرآباد۔/24 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں اور 28 ڈسمبر سے چھ ضمانتوں کے بارے میں عوام سے درخواستیں حاصل کی جائیں گی جو 6 جنوری تک داخل کی جاسکتی ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں آج سکریٹریٹ میں منعقدہ کلکٹرس کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو حکومت کی چھ ضمانتوں پر موثر اور شفافیت کے ساتھ عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بتایا کہ حکومت کی 6 ضمانتوں سے متعلق درخواستیں پہلے عوام تک پہنچائی جائیں گی اور 28 ڈسمبر تا 6 جنوری گرام سبھا کے ذریعہ درخواستیں حاصل کی جائیں گی۔ چھ ضمانتوں کے لئے مستحق اور اہل افراد گرام سبھا میں عہدیداروں کو اپنی درخواستیں حوالے کریں۔ انہوں نے بتایا کہ درخواستوں کی وصولی کے بعد عہدیدار ایک رسید حوالے کریں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں راج میں عوام سے درخواستیں ان کے گھر پہنچ کر قبول کی جارہی ہیں۔ اگر گاؤں میں محض 10 گھر ہیں تب بھی عہدیداروں کو وہاں پہنچ کر درخواستیں وصول کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ درخواستوں کی وصولی کے بعد درخواست گذار کس اسکیم کیلئے اہلیت رکھتے ہیں اس کا فیصلہ عہدیدار کریں گے۔ وزیر مال نے کہا کہ گرام سبھا میں شریک افراد کو چیف منسٹر نے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے گرام سبھا کے انعقاد کیلئے درکار فنڈز جاری کئے ہیں۔ سابق میں کلکٹر کانفرنس میں چیف منسٹر کی تقریر سن کر عہدیدار روانہ ہوجاتے تھے لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہوا۔ حکومت کی کارکردگی پر ضلع کلکٹرس اور ایس پی سے رائے حاصل کی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے جن چھ ضمانتوں کا اعلان کیا تھا ان میں سے دو پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں محض 33 فیصد خواتین آر ٹی سی بسوں میں سفر کرتی تھیں لیکن مفت سفر کی سہولت کے بعد 58 فیصد سے زائد خواتین آر ٹی سی بس میں سفر کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی طرح اسکیمات میں خصوصی کوٹہ نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے دھرانی پورٹل کے ذریعہ سرکاری اراضیات پر قبضہ کرتے ہوئے باقاعدہ بنانے کی کارروائی کی۔ بعض اراضیات باقاعدہ بنانے کے مرحلہ میں ہیں جس پر کانگریس حکومت نے توجہ مرکوز کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضیات کو حاصل کرتے ہوئے عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس سے نوجوان نسل کو جس قدر نقصان ہے اسی طرح کسانوں کیلئے نقلی بیج اور کھاد اتنے ہی نقصاندہ ہیں۔ حکومت نقلی بیج اور کھاد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر نے عہدیداروں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر مال نے بتایا کہ دھرانی پورٹل کی خامیوں کے بارے میں عنقریب شواہد کے ساتھ تفصیلات عوام کے درمیان پیش کی جائیں گی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ دس سال کے بعد تلنگانہ میں عوامی حکومت قائم ہوئی ہے۔ عوامی حکومت کے نام پر 28 ڈسمبر تا 6 جنوری مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرام سبھا دو سیشن کے تحت منعقد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی مستحق اسکیمات سے محروم نہیں رہے گا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال میں سہولت کیلئے گرام سبھاؤں میں شخصی طور پر درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔ سابق میں آن لائن درخواستوں کے ادخال سے عوام کو کافی دشواری تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آئی پی ایس عہدیداروں کو ڈرگس کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی اور کہا کہ تلنگانہ کو منشیات کی لعنت سے پاک بنانا حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فلاحی اسکیمات کے فوائد پہنچانا عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اور انہیں شفافیت کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔ر