6.25 کروڑ کے فراڈ کا اہم ملزم گرفتار

   

گروگرام: ہریانہ پولیس نے 6.25 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے میں اتوار کو ممبئی ایئرپورٹ سے چھٹے اور اہم ملزم کو گرفتار کیا۔یہ اطلاع دیتے ہوئے پولیس ترجمان نے بتایا کہ 21دسمبر کو وِٹزیل ٹیکنالوجی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے ایک اہلکار نے سائبر کرائم ساؤتھ پولیس اسٹیشن کو تحریری شکایت دی کہ 16سے 19 دسمبر کے درمیان تقریباً 6 کروڑ 14 لاکھ روپے دھوکہ دہی سے ان کی کمپنی کے اکاؤنٹ سے نکالے گئے ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تھا۔سائبر کرائم ساؤتھ نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اور ملزم ہرمیت سنگھ ملک کو قواعد کے مطابق پوچھ گچھ کے بعد ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔ پولیس اسٹیشن سائبر کرائم ساؤتھ کی جانب سے ملزمین کے خلاف لک آؤٹ سرکلر بھی جاری کیا گیا۔
اسی بنیاد پر ملزم کو ممبئی ایئرپورٹ سے اس وقت پکڑا گیا جب وہ ملک سے فرار ہونے والا تھا۔ اب تک کی تفتیش میں ملزمان پر حوالوں کا کاروبار کرنے اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے رقوم ملک سے باہر بھیجنے کا الزام ہے ۔اس سے قبل پولیس شانتنو آنند، کارتک شرما، ترون کمار دودیجا، راکیش شرما اور یش شرما کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے ۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش اور بازیابی کے لیے دو روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے ۔