بلاسپور ( ہماچل پردیش ) 26 نومبر ( ایجنسیز ) دلوں کو متاثر کرنے والے ایک واقعہ میں رشتہ داروں کی جانب سے نظر انداز کردئے گئے ایک 75 سالہ شخص اور ایک 63 سالہ خاتون نے ایک اولڈ ایج ہوم میں شادی کرلی ۔ کہا گیا ہے کہ 75 سالہ کنہیا لال اور 63 سالہ سبینا کی ہندو رواج کے مطابق بلاسپور کے اپنا گھر اولڈ ایج ہوم میں شادی ہوگئی ۔ اس اولڈ ایج ہوم کے دیگر افراد ‘ عملہ کے ارکان اور بہی خواہ شریک رہے ۔ شادی ہندو رواج کے مطابق ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کو پھول مالا بھی پہنائے ۔ اگنی کے گرد سات پھیرے بھی لئے ۔ بلاسپور کے ڈپٹی کمشنر کرن بھڈانا نے بھی تقریب میں شرکت کی اور انہوں نے اس جورے کو مبارکباد دینے کے علاوہ تحفہ بھی دیا ۔ شادی سے قبل منگل کو ہلدی کی رسم بھی منعقد کی گئی جس میں دونوں نے پیلے رنگ کے کپڑے پہنے ۔ شادی کی تقریب نے اولڈ ایج ہوم میں خوشیاں بکھیر دی تھیں جہاں دوسرے افراد اور تنظیم کے ارکان نے نئے جوڑے کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کرن بھڈانا نے کہا کہ اس شادی کی وجہ سے سماج کو ایک مثبت پیام جائے گا اور لوگوںکو دوسری شروعات کرنے کا موقع ملے گا ۔