9سیاسی پارٹیوں کا بہارانتخابات پرالیکشن کمیشن کو مکتوب

,

   

سماجی دوری پر عمل کرتے ہوئے انتخابات کا انعقاد مشکل، عوامی صحت کو ترجیح دینے کا مطالبہ

پٹنہ: بہار کی 9 اپوزیشن سیاسی پارٹیوں نے الیکشن کمیشن کے خط لکھ کر کوڈ۔ 19 کے وقت بہار اسمبلی الیکشن میں عوام کی صحت کا خیال رکھنے اور سبھی اپوزیشن پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کرانے کی اپیل کی ہے۔ مارکسسٹ کمیونیسٹ پارٹی (سی پی ایم)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور ہم پارٹی سمیت ان نو پارٹیوں نے آج الیکشن کمیشن کا خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا۔ خط پر سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری، سی پی آئی جنرل سکیرٹری ڈی راجا، آر جے ڈی لیڈر سیتا رام یچوری، ہم پارٹی کے دیپک جیوتی سمیت دیگر لیڈروں نے خط پر دستخط کئے ہیں۔اس سے قبل ان پارٹیوں نے بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر آج اپنی میٹنگ بھی کی جس میں ریاست میں کورونا کے سبب پیدا صورتحال پر سنجیدگی سے غور خوض ہوا اور عوام کی صحت کی حفاظت کرنے کا کمیشن سے مطالبہ کیا۔خط میں دن پارٹیوں کے لیڈروں نے لکھا ہے کہ بہار کی دارالحکومت پٹنہ میں 89 کنٹینمنٹ زون بن گئے ہیں اور 16 ضلعوںمیں 15 دن کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جو 16 جولائی سے شروع ہوگیا ہے ۔ اتنا ہی نہیں، ریاست میں 22 ہزار سے زیادہ کورونا مریضوں کا پتہ چلا ہے جس سے صورتحال کافی سنگین اور خطرناک ہوگئی ہے ۔ کئی مریضوں نے اپنی جانچ نہیں کرائی ہے اس لئے اب تک مریضوں کی اصل تعداد کا بھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اکتوبر نومبر تک اسمبلی الیکشن کے وقت ریاست میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 10 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی۔خط میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں تقریباً 7.5 کروڑ رائے دہندگان ہیں اور کل آبادی 13 کروڑ کے نزدیک ہے ۔ ایسے میں سماجی دوری پر عمل کرتے ہوئے انتخابات کس طرح ممکن ہیں؟۔