نئی دہلی۔ 7 نومبر (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے پٹرول میں ایتھنول کی آمیزش کو لے کر مرکزی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ عوام مہنگے پٹرول کی قیمت ادا کر رہے ہیں، لیکن ان کی گاڑیوں کی ٹنکی میں مقررہ حد سے زیادہ ایتھنول ڈالا جا رہا ہے ۔ راہول گاندھی نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مودی حکومت پٹرول میں 20 فیصد ایتھنول کی آمیزش کی بات کرتی ہے ، لیکن کرناٹک حکومت نے 7 اضلاع سے پٹرول کے نمونے لے کر ایک تسلیم شدہ تجربہ گاہ میں ان کی جانچ کرائی تو 14 میں سے 11 نمونوں میں ایتھنول کی مقدار 20 فیصد سے زیادہ پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جانچ میں انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی ایل) کے نمونے میں ایتھنول کی مقدار 31.2 فیصد اور ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (ایچ پی سی ایل) کے نمونے میں 30.5 فیصد پائی گئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی او سی ایل، ایچ پی سی ایل، بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ (بی پی سی ایل)، نیارا اور شیل سمیت سرکاری اور نجی کمپنیوں کے نمونوں میں ایتھنول کی آمیزش مقررہ حد سے زیادہ پائی گئی۔