SIR مہم، ووٹر میاپنگ صرف بوتھ لیول آفیسر سے ممکن

   

خانگی افراد کی مداخلت نقصاندہ، عوام آدھار اور OTP کسی سے شیئر نہ کریں
حیدرآباد۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم جاری ہے ایسے میں ووٹر میاپنگ میں عوام الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنس سے ناواقفیت کے سبب دشواریوں کا شکار ہیں۔ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں نے ایس آئی آر مہم پر عملاً کنٹرول حاصل کرلیا جبکہ یہ صورتحال عوام کیلئے نقصاندہ ثابت ہوسکتی ہے۔ ووٹر میاپنگ کیلئے سیاسی پارٹیوں اور بعض خانگی افراد کی جانب سے اپنی خدمات کا پیشکش کیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن کے اصولوں کے مطابق میاپنگ صرف بوتھ لیول آفیسر کے ذریعہ ممکن ہے۔ الیکشن کمیشن نے بوتھ لیول آفیسرس کو میاپنگ سے متعلق ایپ تک رسائی دی ہے۔ خانگی افراد کی جانب سے میاپنگ کے نام پر عوام سے نجی تفصیلات اور آدھار نمبر حاصل کیا جارہا ہے جو بعض حالات میں عوام کیلئے نقصاندہ ثابت ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نجی تفصیلات اور آدھار نمبر کے غلط استعمال سے عوام کو مسائل میں مبتلا کیا جاسکتا ہے۔ آدھار نمبر کا خانگی افراد کیلئے انکشاف کرنا درست نہیں ہے۔ ماہرین کے مطابق آدھار نمبر کے ذریعہ بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے بھاری رقم کو ہڑپ لیا جاسکتا ہے۔ عوام کو چاہئے کہ وہ کسی بھی غیر سرکاری فرد کو OTP نمبر نہ دیں کیونکہ OTP کے ذریعہ بینک اکاؤنٹ سے بذریعہ رقم حاصل کی جاسکتی ہے۔ او ٹی پی صرف سرکاری عہدیداروں اور بوتھ لیول آفیسرس کو دیا جاسکتا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف بوتھ لیول آفیسر کے ذریعہ ووٹر میاپنگ کی تکمیل کریں۔ بصورت دیگر وہ کسی مصیبت میں مبتلا ہوسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے بی ایل او ایپ کے ذریعہ میاپنگ کی سہولت فراہم کی ہے۔ عوام کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لئے بوتھ لیول آفیسر، الیکشن رجسٹریشن آفیسر اور اسسٹنٹ الیکشن رجسٹریشن آفیسر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ 1؍F