کلاؤ ڈ کچن کا معائنہ ، کئی ذمہ داروں کو نوٹس جاری
حیدرآباد۔10۔نومبر(سیاست نیوز) سرکردہ ریستوران و ہوٹلوں کے علاوہ مٹھائی کے دکانوں اور بیکری اشیاء تیار کرنے والوں کے خلاف TG-SAFE کی کاروائیوں کے بعد اب ٹی جی سیف نے ’’کلاؤڈ کچن‘‘ محض آن لائن فوڈ ڈیلیوری کرنے والے مراکز پر دھاوے کرتے ہوئے ان میں پائے جانے والے نقائص کی نشاندہی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ گذشتہ یوم ریستوران وہوٹل مالکین نے کمشنر TG-SAFE مسٹر اویناش موہنتی سے ملاقات کے دوران سرکردہ ہوٹلوں کے نام سے چلائے جانے والے ’’کلاؤڈ کچن‘‘ اور ہوٹل یا ریستوران نہ رکھتے ہوئے سربراہ کی جانے والی اشیائے خورد و نوش کے مراکز پر موجود صورتحال کا جائزہ لینے کی خواہش کی تھی اور ان کی اس نمائندگی کے ساتھ ہی آج صحت عامہ کی بہتری کے لئے ’’کلاؤڈ کچن‘‘ کو نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔بتایاجاتاہے کہ ٹی جی سیف کی کاروائی کے دوران بعض ایسے مکانات پر دھاوے کئے گئے جہاں پر ’’گھر میں تیار کردہ کیک‘‘ کی آن لائن فروخت کی جاتی تھی اور اس کاروائی کے دوران عہدیداروں نے مجموعی طور پر 60 کیلو اشیاء جو کیک کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہیں انہیں ضائع کیا ہے اور کئی مقامات پر جہاں ’کلاؤڈ کچن‘ چلائے جاتے ہیں ان کلاؤڈ کچن کے ذمہ داروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے حفظان صحت کے اقدامات کویقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے نوٹسیں جاری کی ہیں۔بتایاجاتاہے کہ مادھا پور کے علاوہ دیگر پاش علاقوں میں موجود کلاؤڈ کچن جہاں پر کیک وغیرہ تیار کرتے ہوئے آن لائن فروخت کئے جاتے ہیں ان مقامات پر دھاوے کے دوران TG-SAFE کے عہدیداروں کو ناقابل استعمال اور مدت استعمال ختم ہونے والی اشیاء بھی دستیاب ہوئی ہیں جنہیں کیک کی تیاری وغیرہ میں استعمال کیا جا رہا تھا ۔3
محکمہ پولیس کی نگرانی میں چلائے جانے والے اس شعبہ کے عہدیداروں کی جانب سے دونوں شہروں میں کی جانے والی اچانک کاروائی کے نتیجہ میں کئی سرکردہ ریستوران و ہوٹلوں کو بند کئے جانے کے علاوہ لائسنس کی تنسیخ کی جاچکی ہے اور اس کاروائی کے بعد شہر کے ریستوران اور ہوٹل مالکین میں ہلچل پیدا ہونے لگی ہے ۔3