ستمبر میں دوبارہ امتحان منعقد کرنے این ٹی اے کا اعلان
نئی دہلی۔16؍اگست( ایجنسیز) نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے جون 2026 میں منعقد ہ یو جی سی نیٹ (UGC-NET) کے تین مضامین انگریزی، کامرس اور سماجیات کے امتحانات دوبارہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ امیدواروں کی جانب سے سوالیہ پرچوں میں متعدد خامیوں اور غلطیوں کی شکایات موصول ہونے کے بعد کیا گیا۔ انگریزی اور کامرس کا دوبارہ امتحان 9 ستمبر جبکہ سماجیات کا امتحان 10 ستمبر 2026 کو ہوگا۔این ٹی اے نے بتایا کہ تینوں مضامین کے سوالیہ پرچوں سے متعلق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ کمیٹی نے تفصیلی جانچ کے بعد پایا کہ سوالیہ پرچوں میں حقائق، ٹائپنگ اور ترجمہ سے متعلق متعدد سنگین غلطیاں موجود تھیں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ منصفانہ اور غلطیوں سے پاک امتحان کیلئے ان تینوں مضامین کے امتحانات دوبارہ کرائے جائیں۔این ٹی اے کے مطابق سوالیہ پرچوں میں معروف دانشوروں اور محققین کے نام غلط لکھے گئے تھے، کتابوں کے عنوانات میں بھی غلطیاں تھیں اور سوالات کی زبان میں کئی خامیاں پائی گئیں۔ اس کے علاوہ قواعد، جنس اور واحد و جمع کے باہمی توافق، رموز اوقاف اور پہلے سے رائج تصورات کے لیے غیر معیاری اصطلاحات کے استعمال سے متعلق غلطیاں بھی سامنے آئیں۔انگریزی کے پرچے کے 150 میں سے 67 سوالات دسمبر 2024 میں منعقدہ یو جی سی نیٹ کے انگریزی کے امتحان میں بھی پوچھے جا چکے تھے۔ کامرس کے پرچے میں بھی 80 سے زیادہ سوالات کے پہلے پوچھے جا چکے سوالات سے مماثل ہونے کی شکایات سامنے آئیں۔جون 2026 کے آخری ہفتے میں یو جی سی نیٹ کا امتحان 87 مضامین میں منعقد کیا گیا تھا۔ یہ امتحان جونیئر ریسرچ فیلوشپ، اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے کیلئے اہلیت اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلے کے لیے لیا جاتا ہے۔ این ٹی اے نے کہا ہے کہ ان تینوں مضامین کے امیدواروں سے دوبارہ امتحان کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ امتحانی شہر، مرکز اور نئے ایڈمٹ کارڈ سے متعلق تفصیلات بعد میں این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی۔