آئندہ انتخابات گاندھی اور گوڈسے کے وارثوں کے درمیان ہونگے: ریونت ریڈی

   

دستور کے تحفظ کے لیے کانگریس کی ’سمودھان رکشا مارچ‘، راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کا عزم

حیدرآباد، 26 نومبر(سیاست نیوز)چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت سے ملک کے دستور اور جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے اور دستور کے تحفظ کے لیے کانگریس پارٹی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ ہندوستانی دستور کے تحفظ کے مقصد سے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے زیر اہتمام حیدرآباد میں ٹینک بنڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ سے نیکلس روڈ پر اندرا گاندھی کے مجسمہ تک نکالے گئے ’سمودھان رکشا مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ انتخابات گاندھی کے وارثوں اور گوڈسے کے وارثوں کے درمیان ہوں گے۔ اس موقع پر اے آئی سی سی تلنگانہ امور کے انچارج بی ایم سندیپ، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ، وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین کے علاوہ دیگر ریاستی وزراء، کانگریس کے سینئر قائدین، اراکین اسمبلی، اراکین پارلیمنٹ اور پارٹی کارکنوں کی بھاری تعداد نے اس میں شرکت کی۔اس موقع پر ریونت ریڈی نے مزید کہا کہ ملک کے تمام شہریوں کو مساوی انصاف اور حقوق فراہم کرنے کے لیے تشکیل دیے گئے دستور کے تحت ہی ریاست تلنگانہ کا حصول ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دلتوں، قبائلیوں اور خواتین کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے عوام کو اپنا قائد منتخب کرنے کا اختیار دیا۔چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت دستور کا مذاق اڑاتے ہوئے تیسری مرتبہ اقتدار میں آئی ہے اور اب چوتھی مرتبہ اقتدار برقرار رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن کو آلہ کار بناتے ہوئے ملک بھر میں غریبوں، اقلیتوں اور قبائلی طبقات کے 13 کروڑ سے زائد ووٹ حذف کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرفریب نعروں کے ذریعے اقتدار حاصل کرنے والی مودی حکومت کو روکنے کے لیے ہوشیار رہیں۔ریونت ریڈی نے کہا کہ گاندھی جی اور کانگریس پارٹی نے عدم تشدد کے ذریعے ملک کو آزادی دلائی اور آج بھی صرف کانگریس ہی ملک کے وجود کو بچا سکتی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں تلنگانہ میں ایک کروڑ ووٹ حاصل کرنے ، 90 اسمبلی حلقوں اور 15 پارلیمانی نشستوں پر کامیابی درج کرتے ہوئے راہول گاندھی کو ملک کا وزیر اعظم بنانے کے ہدف کی تکمیل کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔-2
حیدرآباد، 26 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ