آئی اے ایس دھرمیندر کمار آج سے دہلی کے نئے چیف سکریٹری

   

نئی دہلی : دہلی کے نئے چیف سکریٹری کی تلاش پوری ہو گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے 1989 بیچ کے آئی اے ایس افسر دھرمندر کمار کو راجدھانی دہلی کا نیا چیف سکریٹری مقرر کر دیا ہے۔ وہ 1987 بیچ کے آئی اے ایس افسر نریش کمار کی جگہ لیں گے جن کی توسیع شدہ مدت کار 31 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ دھرمندر ابھی اروناچل پردیش کے چیف سکریٹری ہیں۔ وزارت داخلہ کی طرف سے جمعہ کو جاری سرکاری تقرری حکم میں 1989 بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے سینئر آئی اے ایس افسر دھرمندر کمار کو دہلی حکومت کا چیف سکریٹری بنایا گیا ہے۔ حکم میں لکھا ہے کہ حال میں اروناچل پردیش کے چیف سکریٹری کے عہدے پر تعینات دھرمندر یکم ستمبر یا عہدہ سنبھالنے کی تاریخ سے، جو بھی بعد میں ہو، نیا عہدہ سنبھالیں گے۔ واضح ہو کہ موجودہ چیف سکریٹری نریش کمار، جن کی مدت کار مرکزی حکومت دو مرتبہ بڑھا چکی تھی، 31 اگست کو پوری ہو رہی ہے۔ غور طلب رہے کہ دہلی میں نئے چیف سکریٹری کے نام کے سلسلے میں پہلے الجھن بنی ہوئی تھی۔ جمعہ کو پورے دن سیاسی گلیاروں کے ساتھ افسران کے درمیان اس عہدے کے لیے الگ الگ ناموں کو لے کر بات چیت چلتی رہی۔