اسکولوں کیلئے فنڈز کی منظوری ، طویل عرصہ بعد قدیم دوستوں سے ملاقات
حیدرآباد :23 ستمبر ( سیاست نیوز)وزیرآبپاشی این اُتم کمار ریڈی سوریا پیٹ ضلع کے اپنے آبائی موضع تاٹی پامولا پہنچے تو عوام کی جانب سے اُن کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ اتم کمار ریڈی کے لئے اپنے آبائی گاؤں کو واپسی انتہائی جذباتی مرحلہ تھا ۔ گاؤں والوں نے ریاستی وزیر کی گھر واپسی پر غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور گاؤں میں دونوں جانب عوام قطار میں کھڑے ہوکر اُتم کمار ریڈی کا استقبال کررہے تھے ۔ وزیر نے گاؤں سے اپنی بچپن کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے گاؤں میں نئے اسکولس ، انفراسٹرکچر سہولتوں اور ہاؤزنگ اسکیم کا اعلان کیا ۔ وزیر نے اپنے والدین پرشوتم ریڈی کو یاد کیا جن کا ایک دہے قبل دیہانت ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے والد کی خواہش کی مطابق گاؤں کی ترقی کیلئے اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے گاؤں میں اپنے قدیم دوستوں اور دیگر افراد سے ملاقات کرتے ہوئے اسکول کے دور کی یادوں کو تازہ کیا ۔ اتم کمار ریڈی کے خاندان میں گاؤں میں پرائمری اسکول کی تعمیر کیلئے اراضی کا عطیہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جنکو کے فنڈ سے دو کروڑ روپئے کی نئی عمارت پرائمری اسکول کیلئے تعمیر کی جائے گی ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر کو آئندہ تعلیمی سال کے آغاز سے قبل تعمیری کام مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاستی وزیر نے 5کروڑ روپئے کے مصارف سے ضلع پریشد ہائی اسکول کی تعمیر کا اعلان کیا ۔ انہوں نے گاؤں کیلئے اندارماں ہاؤزنگ کے تحت 80مکانات کی منظوری دی ۔ یہ گاؤں اُتم کمار ریڈی کے انتخابی حلقہ حضور نگر کے تحت نہیں ہے بلکہ تنگاترتی اسمبلی حلقہ کا حصہ ہے ۔ آبائی گاؤں میں اتم کمار ریڈی نے مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ کرن کمار ریڈی اور عوامی نمائندے موجود تھے ۔ 1/S/m/b