حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے عہدیداروں نے عوامی منتخب نمائندوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کوارٹرس خالی کرنے کے احکامات جاری کئے۔ نوٹس میں بتایا گیا ہیکہ موجودہ ارکان اسمبلی کو حیدرگوڑہ میں نئے کوارٹرس الاٹ کئے گئے ہیں۔ موجودہ کوارٹرس کی اراضی پر کانسٹی ٹیوشن کلب تعمیر کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے فیصلہ کرنے کے بعد خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ ریاستی وزیر سریدھر بابو، سابق وزیر ٹی سرینواس یادو، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے بشمول تمام کوارٹرس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ کے بشمول کوارٹرس میں موجود چند شاپس کو بھی عہدیداروں کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہیکہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے دہلی اور راجستھان کے جئے پور کی طرز پر تلنگانہ کے عوامی منتخب نمائندوں کیلئے تمام جدید سہولتوں سے آراستہ کانسٹی ٹیوشن کلب تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تمام موجودہ ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل کو ایک کلب کی سہولت فراہم کی جاسکے جس میں مختلف موضوعات پر مباحث کیلئے کانفرنس ہالس، گیسٹ ہاؤز، جم کے علاوہ دیگر سہولتیں فراہم کی جاسکے۔ حکومت کے فیصلے کے بعد محکمہ عمارت و شوارع کے اعلیٰ عہدیدار سرگرم ہوگئے ہیں۔ ایک خانگی کمپنی کو جامع پراجکٹ رپورٹ ڈی پی آر تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کمپنی کے ماہرین انجینئرس و دیگر عملہ آدرش نگر ایم ایل اے کوارٹرس پہنچ کر کانسٹی ٹیوشن کلب کی تعمیری کاموں کا جائزہ بھی لیا ہے۔2