آر ایس ایس کا یوم تاسیس ،کووند مہمان خصوصی

   

ناگپور ، 22 اگست (یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے اعلان کیا ہے کہ اس سال 12 اکتوبر کو ناگپور کے ریشم باغ میدان میں منعقد ہونے والے سالانہ وجے دشمی تہوار میں سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوں گے ۔ سنگھ کے شعبہ نشر و اشاعت نے جمعہ کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ وجے دشمی یا دسہرہ سنگھ کے لیے محض ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ خاص اہمیت کا حامل دن ہے ، کیونکہ یہ سچائی پر جھوٹ کی جیت اور طاقت کی پوجا کی علامت ہے ۔ مزید یہ کہ 1925 میں اسی دن ڈاکٹر کیشو بلیرام ہیڈگیوار نے ناگپور میں سنگھ کی بنیاد رکھی تھی، لہٰذا یہ دن سنگھ کے لیے یوم تاسیس بھی ہے جسے ہر سال بڑے جوش و خروش اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔