آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے صحافیوں کو جدوجہد کا مشورہ

   


علحدہ تلنگانہ تحریک میں صحافیوں کا اہم رول، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/27 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ملک میں اور خاص طور پر تلنگانہ میں آزادی صحافت کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے جدوجہد کریں۔ اتم کمارریڈی آج تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے اجلاس سے سوریا پیٹ ضلع میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے صحافیوں اور صحافت کے تابناک ماضی کا ذکر کیا اور کہا کہ صحافیوں نے ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں نمایاں رول ادا کیا تھا۔ مہاتما گاندھی اپنے وقت کے ایک عظیم صحافی تھے اور وہ 6 جرنلس سے وابستہ رہے اور 2 جرنلس کے ایڈیٹر تھے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے اپنے کیریئر کا آغاز صحافت سے کیا تھا۔ انہوں نے 9 ستمبر 1938 کو ’ نیشنل ہیرالڈ ‘ کا آغاز کیا تھا جس کے ذریعہ جدوجہد آزادی تحریک کو مدد ملی۔ انگریز سامراج نے ان کے خلاف مقدمات درج کئے باوجود اس کے اصولوں سے انحراف نہیں کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں صحافیوں نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ملک کی آزادی اور تلنگانہ کی جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے صحافیوں کو خراج پیش کیا۔ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے مختلف پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس چاہتے ہیں کہ صحافت حکومت کے موافق کام کرے۔ اتم کمار ریڈی نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کی یکسوئی میں حکومت سے نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے صحافیوں سے اپیل کی کہ سچائی کے اظہار سے ہرگز گریز نہ کریں۔ر