گوہاٹی: آسام میں مانسون کے آغاز اور ریاست بھر میں سیلاب کے امکان کے پیش نظر چیف منسٹر آسام ہمانتا بسوا سرما نے اتوار کو سرکاری مشینری کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب سے متعلق کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار رہے۔ ریاست میں پچھلے چند دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں چیف منسٹرنے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران متاثرہ افراد کی مدد کیلئے تمام سرکاری محکموں کو الرٹ رہنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے ریونیو اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے پرنسپل سکریٹری گیانیندر دیو ترپاٹھی سے کہا کہ وہ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں کی پہلے سے غیر محفوظ اضلاع، خاص طور پر دیما ہساو میں تعیناتی کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے بھی کہا کہ لوگوں کو سیلاب کے ممکنہ خطرات سے خبردار کرنے کے لیے قبل از وقت وارننگ سسٹم کو فعال کریں۔ نشیبی علاقے سیلاب کے پانی میں ڈوب جانے کی حالت میں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان مقامات میں ریلیف کیمپ قائم کریں اور امدادی تقسیم کو منظم کریں۔ 2022 میں سیلاب کے دوران ٹوٹنے والے پشتوں کا دورہ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔