گوہاٹی، 10 مئی (یو این آئی) آسام اسمبلی انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر ہیمنت بسوا سرما نے اتوار کی دوپہر گورنر لکشمن پرساد آچاریہ کے سامنے ریاست میں حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ سرما نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے لکھا کہ آسام کی عوام کی دعاؤں اور اعتماد کے ساتھ، آج میں نے راج بھون میں معزز گورنر مسٹر لکشمن پرساد آچاریہ جی کو حکومت سازی کی تجویز پیش کی۔ عام لوگوں کی امیدوں اور امنگوں کو پورا کرنے اور ترقی، اچھی حکمرانی اور ایک خوشحال آسام کی جانب اپنے سفر کو مزید متحرک بنانے کے لیے ہم ایک بار پھر پرعزم ہیں۔اس سے قبل مشاہد کے طور پر یہاں بھیجے گئے مرکزی وزیر جے پی نڈا اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کی موجودگی میں مسٹر سرما کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔واضح رہے کہ حال ہی میں مکمل ہوئے 126 رکنی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے شاندار جیت حاصل کی ہے ۔ بی جے پی نے اکیلے 82 نشستیں جیتی ہیں، جبکہ ان کے اتحادیشراکت داروں آسام گن پریشد (اے جی پی) اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی پی ایف) نے 10-10 نشستوں پر کامیابی درج کی ہے ۔ اس دو تہائی اکثریت کے ساتھ این ڈی اے نے ریاست میں لگاتار تیسری بار اقتدار میں واپسی کی ہے ۔آسام میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کی یہ لگاتار تیسری حکومت ہوگی۔ این ڈی اے نے یہاں 2016 اور 2021 کے بعد اب 2026 میں جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کی ہے ۔
مسٹر سرما کے لیے وزیر اعلیٰ کے طور پر یہ دوسری مدت کار ہوگی۔ واضح رہے کہ 2016 میں این ڈی اے کی پہلی حکومت سربانند سونووال کی قیادت میں بنی تھی، جس کے بعد 2021 میں سرما نے پہلی بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کی کمان سنبھالی اور اب اس نئی جیت کے ساتھ وہ اپنی دوسری اننگز شروع کرنے جا رہے ہیں۔