آسام کے وزیر اعلیٰ نے آئندہ سال کے انتخابات سے قبل خواتین انٹرپرینیورشپ اسکیم کا آغاز کیا

   

گواہاٹی22اگست (یو این آئی) آسام اسمبلی انتخابات قریب ہیں اور ریاست کے عوام کے لیے اسکیموں کی بارش ہو رہی ہے ۔وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے آج ریاست میں خواتین کے لیے سب سے بڑی ذاتی روزگار سے متعلق اسکیم کا افتتاح کیا اور کہا کہ اگر اس اسکیم کی مستفید خواتین اس رقم کو آمدنی پیدا کرنے کے لیے صحیح طریقے سے استعمال کریں تو آئندہ تین برسوں میں انہیں کل 85 ہزار روپے دیے جائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے نلباری ضلع کے گھاگراپور میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنی مدد آپ گروپوں (ایس ایچ جی) کی 33 ہزار سے زیادہ خواتین اراکین میں سے ہر ایک کو 10 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے ۔ خواتین کو یہ رقم ‘وزیر اعلیٰ خواتین انٹرپرینیورشپ اسکیم’ کے تحت دی گئی۔انہوں نے کہا، ‘ہم اگلے سال اسکیم کے مستفیدین کا سروے کریں گے اور معلوم کریں گے کہ انہوں نے اس رقم کو کس طرح استعمال کیا ہے ۔ جو خواتین رقم کو صحیح طرح سے استعمال کرتی پائی جائیں گی، انہیں حکومت کی جانب سے اگلے سال مزید 25 ہزار روپے دیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی آمدنی میں اضافہ کر سکیں۔ اگر یہ دوسری قسط بھی صحیح طور پر استعمال کی گئی تو تیسرے سال میں ہر ایک کو مزید 50 ہزار روپے دیے جائیں گے ۔’ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ان پیسوں پر سود کی ادائیگی حکومت کرے گی اور اسکیم میں 25 فیصد سبسڈی بھی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ آسام میں تقریباً چار لاکھ اپنی مدد آپ گروپ (ایس ایچ جی) ہیں جن میں قریب 40 لاکھ خواتین شامل ہیں۔