آسرا وظائف اسکیم ۔ حکومت کے اعلانات پر عمل آوری نہیں

   

تین لاکھ سے زائد افراد درخواستوں کی یکسوئی کے منتظر ۔ متعلقہ عہدیداروں کی بے حسی
حیدرآباد3مارچ(سیاست نیوز) حکومت کی آسرا وظائف اسکیم کے تحت داخل درخواستوں کی عدم یکسوئی کے سبب زائد از 3 لاکھ 15 ہزار 262 افراد کئی برسوں سے درخواستوں کی یکسوئی کا انتظار کر رہے ہیں ۔ حکومت سے وظیفہ پیرانہ سالی کی حد عمر میں تخفیف کے بعد ریاست میں ان درخواستوں کے علاوہ 7 لاکھ 80 ہزار درخواستیں داخل کی گئی ہیں لیکن ان کی اب تک یکسوئی نہیں ہوپائی ہے اور نہ ہی حکومت اور محکمہ مال یا ضلع کلکٹرس سے درخواستوں کی یکسوئی کیلئے منڈل سطح پر تحصیلداروں کو ہدایا ت جاری کی جا رہی ہیں ۔وظیفہ پیرانہ سالی اور وظیفہ برائے بیوگان و معذورین کی درخواستوں کی عدم یکسوئی سے ضعیف شہریوں ‘ بیوہ خواتین اور جسمانی معذورین میں بے چینی ہے اور وہ حکومت بالخصوص و تحصیلداروں کے رویہ سے نالاں ہیں۔ حکومت سے وظیفہ پیرانہ سالی کیلئے حد عمر 57 سال کئے جانے کے بعد 7.8 لاکھ درخواستوں میں ایک کی بھی یکسوئی نہ ہونے کا الزام عائد کیا جا رہاہے جبکہ عہدیداروں کا کہناہے کہ وہ درخواستوں کی یکسوئی کیلئے ماتحت عملہ کو ہدایا ت جاری کر رہے ہیں ۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے کئی منڈلوں میں ہزاروں درخواستیں زائد از تین سال سے زیر دوراں ہیں اور ان پر کوئی کاروائی نہیں کی گئی نہ انہیں مسترد کیا گیا ۔ نہ ہی ان درخواستوں کو منظوری دی گئی اب ان درخواستوں کی یکسوئی کے اقدامات کا آغاز کیا جاتا ہے تو سب سے پہلے درخواست گذاروں کے زندہ ہونے کی جانچ کرنی پڑے گی کیونکہ گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وباء کے علاوہ فوری طبی خدمات حاصل نہ ملنے سے فوت افراد کو صداقتنامہ ٔ اموات جاری کئے جا چکے ہیں لیکن وظائف کیلئے درخواستوں کی اب تک یکسوئی نہیں ہوئی حالانکہ متعدد نمائندگیاں کی جا چکی ہیں۔