آندھرا ‘کانگریس کے 115 اسمبلی و 5 لو ک سبھا امیدواروں کو قطعیت

   

مرکزی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ ۔ آج اعلان متوقع ۔ شرمیلا کڑپہ سے امکانی امیدوار
حیدرآباد ۔ یکم اپریل ( سیاست نیوز ) کانگریس نے آندھرا پردیش کیلئے 115 اسمبلی اور پانچ لوک سبھا امیدواروں کو قطعیت دیدی ہے ۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کے دہلی میں آج منعقدہ اجلاس میں ان ناموںکو قطعیت دی گئی ۔ آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے اجلاس میںشرکت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کے ناموں منگل کو اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ شرمیلا نے بتایا کہ مابقی نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کا ایک ہفتے میں اعلان ہوگا ۔ 175 رکنی آندھرا پردیش اسمبلی اور 25 لوک سبھا حلقوں کیلئے ریاست میں 13 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ شرمیلا ‘ چیف منسٹر آندھرا پردیش اور صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن ہیں۔ امکان ہے کہ وہ کڑپہ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کرینگی جہاں جگن موہن ریڈی نے اپنے رشتہ دار اور موجودہ ایم پی وائی ایس اویناش ریڈی کو ٹکٹ دیا ہے ۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے خصوصی مدعوئین جی ردراراجو راجہ مہیندرا ورم سے مقابلہ کرسکتی ہیں جبکہ سابق مرکزی وزراء پلم راجو کو کاکناڈا سے اور جے ڈی سیلم کو باپٹلہ سے ٹکٹ دیا جانے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ تقسیم ریاست کے بعد 2014 اور 2019 میں کانگریس کو آندھرا پردیش میں ایک بھی نشست نہیں مل سکی تھی ۔ پارٹی کے امکانات کو بہتر بنانے کیلئے وائی ایس شرمیلا کو پردیش کانگریس کی صدر بنایا گیا ہے ۔ شرمیلا ریاست میں کانگریس کے امکانات کو بہتر بنانے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔ وہ مختلف مسائل پر ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت کو تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے عوامی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔