آنکھوں کی روشنی پروگرام کے تحت 12 لاکھ افراد کا معائنہ

   

اساتذہ کے تبادلے شفافیت کے ساتھ مکمل کریں، ضلع کلکٹرس سے چیف سکریٹری شانتی کماری کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔30۔ جنوری (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے کہا کہ آنکھوں کی روشنی مہم کے تحت ابھی تک 507 گرام پنچایت ، 205 میونسپل وارڈس میں آنکھوں کے معائنہ مہم مکمل کرلی گئی ہے ۔ اس مہم کے تحت تاحال 12.29 لاکھ افراد کے آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور 294462 افراد میں عینکیں تقسیم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ 205334 افراد کے لئے نئی عینکیں تیار کی جارہی ہیں۔ چیف سکریٹری نے آج ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی جس میں آنکھوں کی روشنی ، اساتذہ کے تبادلے و ترقی اور سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی جیسی اسکیمات کا جائزہ لیا گیا ۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تمام اضلاع میں آنکھوں کی روشنی مہم کے کامیاب انعقاد پر ضلع کلکٹرس قابل مبارکباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر دن تقریباً دو لاکھ افراد کا معائنہ کرتے ہوئے 50 ہزار عینکیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں۔ چیف سکریٹری نے اساتذہ کے تبادلوں اور ترقی کے امور کی شفافیت کے ساتھ تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تنظیموں کی درخواست پر حکومت نے ترقی اور تبادلوں کا عمل شروع کیا ہے۔ یہ تمام کارروائی آن لائین مکمل کی جائے تاکہ شبہات کی گنجائش نہ رہے۔ اساتذہ کی شکایتوں کی سماعت کیلئے خصوصی شکایتی سیل قائم کرنے کی چیف سکریٹری نے تجویز پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی جانب سے تاحال 53 ہزار درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور توقع ہے کہ جملہ 75 ہزار درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ اساتذہ کے تبادلوں کا ضلع کلکٹرس کو روزانہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنا چاہئے۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ نئے تعمیر کردہ کلکٹریٹس کی عمارتوں میں تمام محکمہ جات کے دفاتر کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ تاحال 17 کلکٹریٹس کامپلکس کا افتتاح ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت میں تمام محکمہ جات کے دفاتر موجود رہیں تاکہ عوام کو مسائل کی یکسوئی میں مختلف مقامات کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہ پڑے ۔ ویڈیو کانفرنس میں سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا ، کمشنر محکمہ تعلیم دیوا سینا ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی ، کمشنر فیملی ہیلت شویتا موہنتی ، سکریٹری ایس سی ڈیولپمنٹ راہول بوجا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر