آوٹر رنگ روڈ واٹر ورکس کے کام آئندہ مارچ تک مکمل کرنے حکام کو داناکشور کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 22 اکٹوبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر ایم داناکشور متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آوٹر رنگ روڈ، فیز ۔ 2 ڈرنکنگ واٹر ورکس میں تیزی پیدا کریں اور مارچ 2023ء تک ان کاموں کو مکمل کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ داناکشور نے کل آوٹر رنگ روڈ فیز۔2 کے ذخائرآب، ان لیٹ، آؤٹ لیٹ اور ڈسٹری بیوشن لائنس کی تعمیر کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ آوٹر رنگ روڈ فیز۔2 پراجکٹ کو 1,200 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت سے روبہ عمل لایا جارہا ہے تاکہ اطراف کی بلدیات، میونسپل کارپوریشنس، آوٹر رنگ روڈ حدود کے اندر گرام پنچایتیں، کالونیز اور گیٹیڈ کمیونٹیز کو پینے کا پانی سربراہ کیا جائے۔ داناکشور نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ان علاقوں میں جہاں پائپ لائنس کے کام کئے جارہے ہیں سیفٹی سے متعلق اقدامات پوری طرح کئے جائیں۔