3 ماہ کے بقایہ جات کی اجرائی، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا بیان
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم نے ائمہ اور مؤذنین کے 3 ماہ کے ماہانہ اعزازیہ کے طور پر 14 کروڑ 85 لاکھ روپئے جاری کئے۔ 9900 ائمہ موذنین کے لئے ماہانہ 5 ہزار روپئے کے حساب سے اکٹوبر، نومبر اور ڈسمبر کے بقایہ جات کی اجرائی عمل میں آئی۔ اعزازیہ کی رقم راست طور پر بینک اکاؤنٹس میں جمع کردی گئی۔ محمد سلیم نے کہا کہ جنوری سے اسکیم کو گرین چینل میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو اعزازیہ کی رقم ائمہ مؤذنین کے اکاؤنٹ میں جمع ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرفینانس ہریش راؤ نے اس سلسلہ میں عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی خصوصی دلچسپی سے اعزازیہ کی منفرد اسکیم شروع کی گئی تاکہ ائمہ مؤذنین کی معاشی طور پر مدد کی جاسکے۔ کے سی آر سیکولر قائد ہیں جو تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی میں وہ سنجیدہ ہیں۔ محمد سلیم نے کہا کہ وقف بورڈ سے غریبوں کی تعلیمی اور صحت کے لئے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔